تعلیمی افسروں کو اپنے ٹارگٹ پورے کرنے کا حکم
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں انرولمنٹ کے لیے سی ای اوز اور تعلیمی افسران اپنے اپنے ٹارگٹ کو پورا کریں۔
پری مون سون سیزن کے دوران ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بہتر حکمت عملی اور احتیاطی تدابیر کے ذریعے سکولوں کے انفراسٹرکچر کو بچانے کے لیے قبل از وقت اقدامات اٹھائے جائیں۔
وہ گزشتہ روز سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں سی اوز ایجوکیشن اور ڈی ای اوز کی کانفرنس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈپٹی سیکرٹریز محمد فیصل شہزاد، سیف الرحمان، ڈی پی آئی (سکینڈری) جنوبی پنجاب زاہدہ بتول، ڈی پی آئی (ایلیمنٹری) پرویز اقبال، سیکشن آفیسرز آفاق موریس اور حنا چوہدری سمیت مختلف اضلاع کے سی ای اوز ایجوکیشن اور ڈی ای اوز کانفرنس میں شریک تھے۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب رانا سلیم احمد خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ اس کے ضلع لیہ نے پنجاب بھر میں انرولمنٹ کے حوالے سے پہلی پوزیشن حاصل کی، داخلہ مہم میں ضلع لیہ میں 2 لاکھ 91 ہزار سے زائد طلبہ کو سکولوں میں داخل کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا جو 100 فی صد حاصل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر جنوبی پنجاب میں داخلہ مہم کے حوالے سے لیہ، بہاولنگر اور خانیوال نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے مذکورہ اضلاع کے سی ای اوز اور ان کی ٹیم کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے ستائشی مراسلہ جاری کرنے کا اعلان کیا، اور کہا کہ ہر ضلع کی مجموعی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے انرولمنٹ کا ہدف پورا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل کی سطح پر ایک ایسی ماڈل یونین کونسل کی نشاندہی کی جائے جہاں کوئی بچہ سکول سے باہر نہ ہو۔
سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطے پر اثرات اور ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے اضلاع میں پری مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے باعث سکولوں کے انفراسٹرکچر کو محفوظ رکھنے کے لیے بروقت اقدامات اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی رابطے کو نقصانات سے بچنے کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ سازی نظام کو مزید موئثر اور فعال بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس آنے والے تاریخ کے بد ترین سیلاب و مون سون کی خطرناک تباہ کن بارشوں کے باعث ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سکولوں کا انفراسٹرکچر تہس نہس ہو گیا تھا، جب کہ کئی سکولوں کی عمارتیں ملیامیٹ ہو گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے حالیہ دنوں میں پری مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کے تناظر میں قبل از وقت اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ کم سے کم نقصان کا سامنا کرنا پڑے۔
آفٹرنون سکولز پروگرام کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے کہا کہ ان سکولوں کے فنڈز ریلیز ہو چکے ہیں، تمام آفٹرنون سکولوں کو مکمل طور پر فنکشنل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ مزدور بچوں کے لیے قائم صبح نو سکولوں میں انرولمنٹ بڑھائی جائے اور 20 جون کو صبح نو سکولوں مین سپورٹس گالا منعقد کیا جائے۔
سی ای اوز کانفرنس میں ایس آئی ایس انرولمنٹ سٹیٹس، انرولمنٹ کمپئین ٹارگٹ، بہاول پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور مظفر گڑھ میں سمر لرننگ کیمپس کے انعقاد و انتظامات، کوالٹی آف ایجوکیشن، سکولوں میں شجر کاری مہم، سکولمپکس اور ترقیاتی اسکیموں کے امور کا جائزہ لیا گیا۔