جامعہ زکریا : ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز کی تعیناتی پر شدید ردعمل
وائس چانسلر زکریا یونیورسٹی نے اپنے خصوصی اختیارات استعمال کرتے ہوئے سابق آر او ڈاکٹر طاہر محمود کو ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ تعینات کیا تھا ، جس پر شعبہ کی اساتذہ کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر طاہر محمود کا تین سالہ ریزیڈنٹ آفیسر کا ٹائم پورا ہونے پر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سوشل سائنسز بنا دیا گیا، جب کہ اسی شعبہ میں موجود ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شہزادہ فہد کو نظر انداز کرکے میرٹ کی دھجیاں اُڑائی گئی ۔
ایک ڈیپارٹمنٹ میں سینئر ٹیچر ہونے کے باوجود کسی دوسرے ڈیپارٹمنٹ سے کسی اور پروفیسر کی سفارش پر ڈائریکٹر تعیناتی سے وائس چانسلر کی "میرٹ پالیسی” کا پول کھل گیا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ انسٹی ٹیوٹ میں یونیورسٹی ایکٹ کے مطابق ڈائریکٹر تعینات کیا جائے ۔
اس وقت شعبہ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شہزادہ فہد قریشی ، اسسٹنٹ پروفیسر الطاف غنی بخاری، ڈاکٹر محمد شہزاد اور ڈاکٹر طیبہ بتول طاہر موجود ہیں، اس سے قبل ڈاکٹر عمر چودھری کو یہ اسائمنٹ دی گئی، جبکہ ان کا تعلق شعبہ اکنامکس سے تھا۔
اب ایک بار پھر جونیئر ٹیچر کو اس کا ڈائریکٹر تعینات کردیا گیا، جس کا اس انسٹی ٹیوٹ اور اس میں پڑھائے جانے والے مضامین سے کوئی تعلق نہیں ہے، لہذا میرٹ پر تعیناتی کی جائے ۔