میپکو ریجن میں سیکورٹی سیمینارز کا انعقاد

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکوانجینئر اکرام الحق کی ہدایت پرریجن بھر میں لائن سٹاف کی قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے، لائن سٹاف کو ٹی اینڈ پی کے مکمل استعمال کی ترغیب دینے، سیفٹی پالیسی پر عملدرآمد کرنے اور ایس او پیز کی پابندی کے حوالے سے سیفٹی سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ا
یڈیشنل چیف انجینئر میپکو سرکل بہاولپور عبدالکریم جمالی نے سرکل کمپلیکس میں منعقدہ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیفٹی ڈے منانے کا مقصد لائن سٹاف میں سیفٹی پالیسی پر عملدرآمد اور قیمتی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کی اہمیت اجاگر کرناہے۔
محکمہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے لائن سٹاف کی جانیں ہمارے لئے قیمتی اثاثہ ہیں اور ہم ان کی حفاظت کے لئے ہرممکن اقدامات اُٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں کام کے دوران جلد بازی اور زیادہ خود اعتمادی حادثات کی بنیادی وجہ ہے۔لائن مین فیلڈ میں کام کرنے سے قبل پرمٹ ٹوورک لازمی حاصل کرے اور فیڈر بندہونے تک لائن پر ہرگز کام شروع نہ کیاجائے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ لائن سٹاف بھی دوران کام سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کو نا گزیر سمجھے اور احساس ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔سرکل کمپلیکس بہاولپور میں لائن سٹاف کو ریسکیو1122کی عملی تربیت دی گئی اور ریسکیو1122کی ٹیم نے دوران ڈیوٹی زخمی ہونے یا حادثہ ہونے کی صورت میں فرسٹ ایڈ دینے، جان بچانے کی تربیت دی۔
ایڈیشنل چیف انجینئر میپکو آپریشن سرکل وہاڑی الطاف قادر نے وہاڑی کمپلیکس میں منعقدہ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائن سٹاف محکمانہ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور پرمٹ کے بغیر لائن پر کام نہ کرے سیفٹی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی آپ اپنی جان کی حفاظت کو یقینی بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیفٹی نہ اپنانے پر کسی قسم کا کوئی جواز قبول نہیں کیا جائے گا اور متعلقہ لائن مین اور لائن سپرنٹنڈنٹ کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے لائن سٹاف کو محکمانہ سیفٹی یونیفارم اور سیفٹی کارڈ پہننے کی ہدایت کی۔
انہوں نے لائن سٹاف کو سیفٹی بیپرز ٹی اینڈ پی بیگ کی بجائے جیب میں رکھنے کی ہدایت کی اور اسکی افادیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے لائن سٹاف کو 11KV ڈٹیکٹرز کے استعمال اور افادیت سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ایکسین میپکو آپریشن ڈویژن وہاڑی محمد عمیر قاسم عزیز خان، وہاڑی ڈویژن کے تمام ایس ڈی او، ایس ڈی او سیفٹی، اور لائن سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
ایکسین میپکو بوریوالہ ڈویژن شاہد نذیر نے سیفٹی ڈے کے موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائن سٹاف فیلڈ میں فرائض سرانجام دینے سے پہلے سیفٹی پالیسی پر عمل پیراہوں اور محکمانہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ لائن سٹاف کو سیفٹی آلات کی فراہمی ممکن بنائی جارہی ہے اور اگر کسی لائن مین کے پاس سیفٹی آلات دستیاب نہ ہوں تو وہ لائنوں پر ہرگز کام نہ کرے اور فوری طورپر متعلقہ آفیسر کو رپورٹ کرے۔




















