پروفیسر عنایت علی قریشی کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں تقریب پذیرائی
گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول دولت گیٹ ملتان میں پروفیسر عنایت علی قریشی کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں تقریب پذیرائی ہوئی۔
اس موقع پر پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول دولت گیٹ ملتان سید اکبر بخاری نے کہا کہ پروفیسر عنایت علی قریشی کی تعلیمی خدمات کا احاطہ کیا جائے تو بہت سا وقت در کار ہے، انہوں نے طلباء و طالبات کو تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی اعلی معیار کی ٹریننگ دی ہے، جو آج مختلف سکولوں میں اپنے فرائض منصبی کو احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر چیف آرگنائزر ایجو کیشنل اینڈ سوشل فورم میاں وقاص فرید قریشی ، رانا اسلم ساغر ، عامر محمود نقشبندی ، وائس پرنسپل محمد ابو بکر ، عابد سحر نے کہا کہ پروفیسر عنایت علی قریشی کے اندر جذبہ حب الوطنی ہونے کی وجہ سے وہ قومی ہیروز اور اکابرین کی خدمات کو نوجوان نسل میں روشناس کر واتے رہتے ہیں، یہ ان کی اعلی ظرفی کی مثال ہے جنہیں ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اب پروفیسر عنایت علی قریشی پہلے سے زیادہ سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جو کہ قابل ستائش ہے ہماری نیک تمنائیں انکے ساتھ ہیں۔
اس موقع پر پروفیسر عنایت علی قریشی نے کہا کہ اتھاہ دل سے سید اکبر بخاری اور سکول سٹاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے مجھے یہ اعزاز بخشا ہے۔
تقریب میں شعبہ ایجو کیشن سے وابستہ شخصیات اور سکول سٹاف نے بھی بھر پور شرکت کی۔