جامعہ زکریا: ایل ایل بی کیس؛ سینٹ میں کالجز کی اپیل کی منظوری، طلباء کا امتحان بھی لیا جائے گا
گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت بہاءالدین زکریا یونیورسٹی کی سینٹ کا 13 واں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں بہاءالدین زکریا کے مختلف معاملات زیر غور لائے گئے۔
سینٹ اجلاس میں یونیورسٹی کے بجٹ 2023 – 24 کی منظوری دی گئی، یونیورسٹی میں طلباء کے داخلوں میں اضافہ کو گورنر پنجاب کی طرف سے سراہا گیا۔ گورنر پنجاب نے کوالٹی ایجوکیشن کو برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
سینٹ اجلاس میں ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک سٹڈیز کا نام انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز رکھنے، ڈیپارٹمنٹ آف ایگرانومی کا نام انسٹیٹیوٹ آف ایگرانومی رکھنے، ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر اکنامکس کا نام تبدیل کر کے ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچرل بزنس اینڈ مارکیٹنگ رکھنے، ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نام تبدیل کرکے ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی رکھنے، ڈیپارٹمنٹ آف ڈیری ٹیکنالوجی کا نام تبدیل کرکے ڈیپارٹمنٹ آف اینیمل فوڈ پروڈکٹس اینڈ ٹیکنالوجی اور لوگو کی منظوری دی گئی۔
ڈیپارٹمنٹ آف اردو میں سنٹر آف ٹرانسلیشن اینڈ ٹرانس کلچرل سٹڈیز (سی ٹی ٹی ایس) کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔
سینٹ اجلاس میں ڈی ایفیلیٹڈ پرائیویٹ لاء کالجز کی اپیل کو سنا گیا، اور فیصلہ کیا گیا کہ انسپکشن کمیٹی تشکیل دے کر لاء کالجز کا جائزہ لیا جائے گا، کوالٹی پیرامیٹرز کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، طالب علموں کو امتحان دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ طالب علموں کا تعلیمی نقصان نہ ہو، معیار پر پورا اترنے والے لاء کالجز کا الحاق کیا جائے گا۔
اس موقع پر فیکلٹی ڈینز پروفیسر ڈاکٹر شوکت ملک، پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر شیخ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عزیر، پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد، پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق زین، رجسٹرار زبیر احمد خان اور ممبران سینٹ بھی موجود تھے۔