زکریا یونیورسٹی کا کانووکیشن : 75 پی ایچ ڈی سکالرز کو ڈگریاں ایوارڈ
بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کا 18واں کانووکیشن زیر صدارت گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمان منعقد ہوا، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ( ستارہ امتیاز و تمغہ امتیاز) نے سپاس نامہ پیش کیا۔ 18 ویں کانووکیشن میں پی ایچ ڈی ، ایم فل ، ماسٹرز اور بیچلرز کی ڈگریاں تقسیم کی گئیں اور پوزیشن ہولڈرز کو تمغہ جات سے نوازا گیا۔
گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمان نے 370 طلباء طالبات کو گولڈ میڈل پہنائے، کانووکیشن میں 75 پی ایچ ڈی سکالرز کو ڈگریاں ایوارڈ کیں ۔
کانووکیشن میں سال 2019 کے 5829 اور سال 2020 کے 5950 گریجوایٹ کو ڈگریاں اور ایوارڈ دیے۔
کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ہمیں وقت کی قدر کرنی چاہیے۔ یونیورسٹیاں اپنے پانچ سال کے کیلنڈر تیار کریں۔ جامعات کا اولین مقصد تحقیق کرنا ہے۔ طلباء و طالبات کو اس بات پر تیار کرنا کہ تحقیق کے بعد یقین کرنا ہے کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں، تحقیق کے بعد یقین کریں گے۔
ہر معاملے کو احسن طریقہ سے کریں۔ کسی بھی ملک کا اصل سرمایہ اس کے نوجوان ہیں۔ پاکستان کے نوجوان اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ استاد علم و فنون کا ذریعہ ہے۔ ترقی صرف ڈگریاں سے مشروط نہیں آپ کی تربیت، اقدار، خاندانی روایات اور وقار بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ تعلیم سے پہلے تربیت بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ دھوکہ دینے والے زیادہ دیر نہیں رہتے، لیڈر ہمیشہ مخلص اور دیانت دار ہوتے ہیں۔ دوسروں کی اچھائیاں اور اپنی خامیاں دیکھنی ہیں۔ کبھی مایوسی پھیلانے والوں کی باتوں میں نہیں آنا، انہوں نے کہاکہ ہمیں معاشرہ کی خرابیوں کو دیکھنا اور ان کو ٹھیک کرنا ہے۔ہمیں محبت بانٹتے رہنا ہے۔
انہو ں نے کہاکہ 2013 سے 2018 تک سب سے زیادہ فنڈنگ کی گئی۔اب نوجوانوں نے اپنے مقاصد کو اعلیٰ رکھنا ہے۔
گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ نے نئی ایجادات کی طرف جانا ہے۔ اللہ تعالی والدین اور اساتذہ کرام ہمارے شکریہ کے مستحق ہیں۔ دوسرے کو عزت و احترام دیں۔
ائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی ( ستارہ امتیاز و تمغہ امتیاز) نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہاء الدین زکریا یونیورسٹی جنوبی پنجاب کی سب سے اہم درس گاہ ہے، زکریا یونیورسٹی کے گریجوایٹ پاکستان سمیت دنیا بھر میں خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔
یونیورسٹی میں جدید مضامین اور پروگرامز کے ساتھ ساتھ چائنیز زبان بھی سکھائی جارہی ہے تاکہ یہاں سے فارغ التحصیل طلباء کو چائنیز زبان پر بھی عبور ہو تاکہ ان کے لیے چائنا کے اشتراک کے ساتھ ہونے والے مختلف پراجیکٹس سکالرشپس اور ملازمتیں حاصل کرنے میں آسانی ہو۔
وائس چانسلر نے کہا کہ بہاء لدین زکریا یونیورسٹی کے ایلومینائی نہ صرف پاکستان بھر میں بلکہ بیرون ممالک بھی اپنی طاقت کا لوہا منوارہے ہیں۔
یونیورسٹی بہت تیزی سے ترقی کی منازل طے کررہی ہے، نو ماہ کے قلیل عرصہ میں تیسرا کانووکیشن منعقد کرکے یونیورسٹی نے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے، جسے گورنر پنجاب نے بھی سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں 71 شعبہ جات اور انسٹیٹیوٹ اور کالجز ہیں،جہاں 34456 طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں۔
یونیورسٹی میں 94 انڈر گریجوایٹ 59 ایم فل ایم ایس پروگرام اور 33 پی ایچ ڈی پروگرامز جاری ہیں۔ یونیورسٹی فیکلٹی ممبرز سالانہ گیارہ سو سے زیادہ ریسرچ پیپرز پبلش کرتی ہے۔ کانووکیشن کے اختتام پر مہمانوں کو ہائی ٹی سے ریفریشمنٹ دی گئی، جس کے دوران گورنر پنجاب نے مختلف اساتذہ سے بات کرتے ہوئے یونیورسٹی اساتذہ کی کارکردگی کو نہ صرف سراہا بلکہ مختلف اساتذہ کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں، اور خوشی کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر شعبہ جات کے ڈین صاحبان ، ڈائریکٹرز ، چیئرمینز، فیکلٹی ممبرز ، آفیسرز، کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار ، خزانہ دار طلباء طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔