نیب نے سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کردی

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کردی۔
ترجمان کے مطابق نیب کراچی کے ریجنل بورڈ اجلاس میں دو ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ کچھ انکوائریز بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نیب حکام نے بتایا کہ سابق وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبد اللہ یوسف اور سلمان صدیق کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔نیب حکام کے مطابق ان تینوں افراد پر قومی خزانے کو 11 ملین ڈالر کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
اجلاس میں سابق ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن غلام مصطفیٰ پھل کے خلاف بھی ریفرنس کی منظوری دی گئی ہے، ملزمان نے قیمتی سرکاری زمین کو غیر قانونی طور پر الاٹ کیا۔
اجلاس میں بدعنوانی کے الزام میں سابق ڈپٹی کمشنر ویسٹ فیاض سولنگی کے خلاف بھی انکوائری کی اجازت دی گئی۔
واضح رہے ڈاکٹر حفیظ شیخ کو 18 اپریل کو وزیراعظم نے مشیر برائے خزانہ مقرر کیا تھا بعدازاں عدالتی فیصلے کے بعد حفیظ شیخ کو مشیرخزانہ سے وزیر خزانہ بنایا گیا اور انہوں نے 10دسمبر 2020 کو وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد 28 مارچ 2021 کو انہیں عہدے سے ہٹایا گیا۔



















