میپکو چیف نے ریکوری کےلئے نیا پلان دے دیا،نادہندہ گان کے وارنٹ جاری ہوں گے

چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر اکرام الحق کے احکامات پر میپکو ریجن میں مالی سال 2021-22ء کے دوران مستقل نادہندگان سے واجبات /بقایاجات کی وصولی کے لئے ریکوری پلان پر عملدرآمد شروع کردیاگیاہے ۔
جون 2021ء کے اختتام تک واجب الادا رقوم وصول کرنے کے لئے آپریشنل افسران اور متعلقہ سرکل انچارج /کسٹمرسروسز ڈائریکٹرزذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں ۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے میپکو ریجن میں 2لاکھ روپے تک واجب الادا رقوم کی وصولی کی ذمہ داری متعلقہ سب ڈویژنل آفیسرز، 10لاکھ روپے تک واجبات کی وصولی کے فرائض متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز ،50لاکھ روپے تک بقایاجات وصول کرنے کے لئے متعلقہ سپریٹنڈنگ انجینئرز اور 50لاکھ روپے سے زائد رقوم کے مستقل نادہندگان سے بقایاجات وصول کرنے کی ذمہ داری متعلقہ کسٹمرسروسز ڈائریکٹر کو سونپی گئی ہیں ۔
ریکوری مہم کی نگرانی ڈائریکٹرکسٹمرسروسز میپکو کریں گے، جبکہ میپکو ریجن کے تمام آپریشنل افسران کو ہدایت کی گئی ہے، کہ دفاتر میں مستقل نادہندگان کی فائلیں ازسرنوترتیب دی جائیں، اور ڈیڈ ڈیفالٹر کے بجلی آلات، ٹرانسفارمرز، میٹرز اور پی وی سی سٹور میں جمع کروائی جائیں ۔
مستقل نادہندگان کے ناموں سے نصب دیگر گھریلو کنکشنز فوری طورپر منقطع کئے جائیں اور تحصیلدار ریکوری کے ذریعے لینڈ ریونیو ایکٹ کے تحت مستقل نادہندگان کو نوٹسز بھیجے جائیں اور ان سے واجبات وصول کرنے کے لئے گرفتاری کے وارنٹ جاری کروائے جائیں ۔



















