برطانیہ کی ملتان کے ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے برطانوی وفد کی ملاقات

برطانیہ کی ملتان کے ترقیاتی منصوبوں میں دلچسپی،
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد سے برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے نمائندے ایلیکس بلنگر نے انکے آفس میں ملاقات کی، ثناء ضیاء اور ثاقب رحمان بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں ملتان کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملتان جنوبی پنجاب کا مرکز اور وسیب کا چہرہ ہے، اور ملتان دنیا کے ان چند شہروں میں سے ایک ہے جو پانچ ہزار سال سے بھی زائد عرصہ سے آباد چلا آرہا ہے،اس تاریخی شہر کی اپنی ایک تہذیب، ثقافت اور قدامت ہے تعمیر و ترقی کے حوالے سے اس خطے کو بڑے چیلنجز بھی در پیش ہیں، سیوریج ملتان شہر کا سب سے بڑا مسلہ ہے، ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ ہونے کی وجہ سیوریج کا گندہ پانی نہروں میں ڈالا جارہا ہے۔سیوریج کے پانی کو قابل استعمال بنانے کے لئے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی ضرورت ہے جس کے لئے 40 ارب روپے کی خطیر رقم کی ضرورت ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے ایلیکس بلنگر نے ملتان کے آموں کی بے حد تعریف کی اور بتایا کہ وہ بطور سیاح چند سال پہلے ملتان آچکے ہیں،انہیں ملتان سے دلی لگاو ہے،ملتان کے تاریخی مقامات انتہائی متاثر کن ہیں۔
ایلیکس بلنگر نے بتایاکہ برطانوی حکومت ترقی پذیر ممالک میں شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کرتی ہے اور برطانوی حکومت اس خطے کی تعمیروترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتی ہے۔ ایلیکس بلنگر نے بتایا کہ ملتان کے دورہ کے بعد برطانوی حکومت کو ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات بارے رپورٹ ارسال کی جائے گی۔



















