پاسپورٹ صارفین کے مسائل حل نہ ہوسکے، سسٹم کا بیٹھنا معمول بن گیا
محکمہ پاسپورٹ ‘مسائلستان’ بن گیا، لیمینشن پیپر کی کمی پوری ہی نہیں ہوئی تھی کہ ٹیکنیکل خرابی کی وجہ سے گزشتہ دو روز سے لنک ڈاؤن ہے، جس کے باعث پورے ملک سمیت بیرون ملک سفارتخانوں میں قائم کردہ پاسپورٹ ڈیسکس پر گزشتہ دو روز سے بالکل کام نہ ہوسکا۔
سوموار کے روز پیدا ہونے والی خرابی کے باعث ٹیکنیکل شعبہ کے ماہرین شام گئے تک خرابی پر قابو پانے کے لئے کام کرتے رہے، جس پر رات گئے تک کچھ کنٹرول ہوسکا، لیکن پھر گزشتہ روز منگل کی صبح پھر سسٹم کا لنک ڈاؤن ہوگیا، جس کے باعث فیس جمع کروانے سمیت درخواستوں کی پروسیسنگ متاثر ہوئی، سسٹم کی روانی متاثر ہونے کے باعث ایگزیکٹو آفس میں بھی لمبی قطاریں لگی رہی اور سائلین انتظار میں بیٹھے رہے۔
جبکہ اس سے قبل پاسپورٹ آفس میں لیمینشن پیپر کی کمیابی کی باعث پاسپورٹ کی تیاری بھی گزشتہ 4 ماہ سے متاثر ہے، جس کا کوئی خاطر خواہ حل تلاش نہیں کیا جاسکا ہے ۔
ذرائع کے مطابق کیئر ٹیکر سیٹ اپ کی جانب سے اعلیٰ سطح پر تعینات ڈی جی کی غفلت کے باعث یہ ہورہا ہے جو افسران کام کرنے والے ہیں، ان کو دور دراز علاقوں میں تبادلہ کرکے "افسر بیکار خاص” بنا دیا گیا ہے، جس کے باعث کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے او ر کہا ہے کہ سسٹم کوفوری فعال کیا جائے ۔