اسلامک ریسرچ سنٹر زکریا یونیورسٹی میں’’ خطبات قران حکیم‘‘ کی تقریب رونمائی
اسلامک ریسرچ سینٹر بہاءالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام "خطبات قران حکیم” کتاب کی اشاعت پر تقریب رونمائی منعقد ہوئی۔
اس پر وقار تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ وائس چانسلر وومن یونیورسٹی ملتان نے کی جبکہ مہمان خصوصی کتاب کے مصنف پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف فاروقی سابق ڈائریکٹر جنرل شریعہ اکیڈمی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام اباد تھے۔
پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب ڈائریکٹر اسلامک ریسرچ سینٹر نے کہا کہ ہماری ترقی کا راز قرآن کریم کی الہامی تعلیمات میں مضمر ہے- ہمیں ترقی کی منزلیں تیزی سے طے کرنے کے لیے قرآنی تعلیمات کی روشنی میں اپنے افکار اور معاشرے کی تشکیل جدید کی ضرورت ہے۔
قران مجید صرف برکت حاصل کرنے کی کتاب نہیں بلکہ یہ ہماری پوری زندگی کے لیے مکمل ضابطہ حیات ہے- ڈاکٹر عمرین علی شیخ نے مصنف اور کتاب کا تعارف پیش کیا جبکہ ڈاکٹر منزہ حیات نے اس کتاب کے مطالعے کی اہمیت اور اس کے مشمولات پر روشنی ڈالی۔
پروگرام کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف فاروقی نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے وحی الہی کی روشنی میں صحابہ کرام کی تربیت کی۔
خدائی پیغام انسانوں تک پہنچانے کے لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اخلاق, علم اور کائنات میں غور و فکر پر توجہ دی- آج امت مسلمہ کی زبوں حالی کی وجہ قران کی تعلیمات کو چھوڑ دینا ہے- غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے قتل عام میں مسلمان بھی حصہ دار ہیں، آج فلسطین کے مسلمان وہ مشکلات برداشت کر رہے ہیں جن کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے اور ہماری قوم کو کرکٹ کھیلنے کے پیچھے لگا دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قران مجید تمام علوم کا سرچشمہ ہے یہ ہمیں غور و فکر اور محنت کے ذریعے ترقی اور تعمیر کے راستے کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔
صدر مجلس پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے علمی دنیا میں خطبات قران حکیم جیسی بہترین کتاب کو مفید اضافہ قرار دیا اور مصنف کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اس جیسی کتابوں کو تو نصاب کا حصہ ہونا چاہیے جو کہ نئی نسل کے ذہن کے مطابق لکھی گئی ہے۔
اس میں جدید دور کے تقاضوں کو بہترین انداز میں نہ صرف ایڈریس کیا گیا ہے بلکہ سیرت کی روشنی میں قران مجید کی تعلیمات کو بہترین اسلوب میں بیان کیا گیا ہے۔