فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کاچوتھا اجلاس، کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کی سفارشات پیش

سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان میں فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کاچوتھااجلاس ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس میں ملک بھر میں کپا س کی کاشت سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کپاس کے کاشتکاروں کی رہنمائی وتربیت کے لئے پندرہ روزہ کپاس کی نگہداشت سے متعلق31جولائی تک کی سفارشت پیش کی گئیں۔
فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ کاشتکار متوقع بارش کی صورت میں آبپاشی سے پرہیز کریں یا شام کے وقت ہلکی اور مناسب آبپاشی کریں۔ ایسی فصل جس میں 8سے10ٹینڈے کھل چکے ہوں، اس کی چنائی متوقع بارش سے پہلے پہلے کر لیں، تاکہ اچھی کوالٹی کی کپاس حاصل ہوسکے۔
جبکہ کاشتکارفصل کی چوٹی پرسفید پھول آنے کی صورت میں پانی کا دورانیہ کم کریں۔ایسے کاشتکار جن کی کپاس کی فصل اڑھائی فٹ یا اس سے زائد تک ہو چکی وہ ٹریکٹر کے ذریعے فصل کی گوڈی کرنے سے اجتناب کریں۔ یا ایسے آلات استعمال کریں جس سے فصل ٹوٹنے کا اندیشہ نہ ہو۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بیج کے حصول کے لئے لگائی گئی کاشتہ کپاس کی چنائی مکمل کرنے کے بعد چنی گئی کپاس کو خشک کرکے اس کی جننگ جلد ازجلد مکمل کرلیں اور جننگ کے بعد دوبارہ دھوپ لگوا کر خشک کر لیں۔کاشتکار بیج کے حصول کے لئے لگائی گئی کپاس کی قسم کے علاوہ کھیت سے دوسری اقسام کے پودے الگ کرلیں یعنی روگنگ کے عمل سے کپاس کے خالص پن کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان ڈاکٹر محمدنوید افضل، ڈاکٹر ادریس خان،ڈاکٹر فیاض احمد،ساجد محمود اور شعبہ اینٹومالوجی سے سید اشفاق شاہ سائنٹفک آفیسر،جنید احمد ڈاہا سائنٹفک آفیسر اور مس شبانہ وزیر سائنٹفک آفیسر نے شرکت کی۔ فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا آئندہ پانچواں اجلاس یکم اگست کو ادارہ ہذا میں منعقد ہوگا۔



















