یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن ملتان زون نے 101 فیصد سیلز اہداف پورے کر لیے
وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے تحت یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن ملتان زون نے 4 ارب 84 کروڑ روپے کی ریکارڈ سیل کر کے 101 فیصد سیلز اہداف پورے کر لیے ہیں، مذکورہ رمضان ریلیف پیکج سے 19 لاکھ کم آمدنی والے افراد نے استفادہ حاصل کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار زونل منیجر ملتان وقار حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے تاریخ کا سب سے بڑا رمضان ریلیف پیکج دیا ہے، جس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) اور پی ایم ٹی 60 رجسٹرڈ خاندانوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔
اس پیکج کے مطابق ملتان زون کے لیے 4 ارب 80 کروڑ روپے کا سیل ٹارگٹ مقرر کیا گیا تھا جو کہ آفیسرز اور سیلز سٹاف کی محنت کی بدولت رمضان المبارک کے اختتام سے قبل ہی 25 رمضان کو 101 فیصد ٹارگٹ حاصل کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن کی جانب سے صارفین کو فراہم کیا گیا تمام سٹاک آٹا، چینی، دالیں ،چاول وغیرہ اعلیٰ معیار کے مطابق ہے۔
آٹا، چینی، دالیں، چاول، گھی کے علاوہ برانڈڈ آئیٹم بھی مارکیٹ سے 5 سے 10 پرسنٹ کم ریٹ پر مہیا کی گئی ہیں اور یہ پیکج چاند رات تک جاری رہے گا۔
دریں اثنا یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن ملتان ریجن نے سیہوڑا چوک ملتان پر نئی منی مارکیٹ کا افتتاح کر دیا ہے، یوٹیلیٹی سٹور منی مارکیٹ کا افتتاح زونل منیجر ملتان وقار حسین نے کیا ریجن منیجر ملتان سجاد حسین بھی ان کے ہمراہ تھے۔
افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل مینجر ملتان سجاد حسین نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے سیہوڑا چوک پر نئی منی مارکیٹ کا اغاز کیا گیا ہے تاکہ اس علاقے کے شہری بھی وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج سے استفادہ حاصل کر سکیں۔
ایریا منیجر قمر اور سٹور انچارج راؤ شکیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔