زکریا یونیورسٹی چوری کیس : مرکزی ملزم غائب، سنار پکڑا گیا
زکریا یونیورسٹی میں چوریوں کے کیس میں نیا موڑ آگیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ریکوری کےلئے مرکزی ملزم راجہ شہزاد یوسف کو رہا کیا کہ وہ جاکر ریکوری کا بندوبست کرے، مگر وہ غائب ہوگیا۔
پولیس ذرائع کا کہناہے کہ اس کا نمبر بند جارہا ہے، اس کے گھر میں بھی پولیس پارٹی گئی تھی مگر وہاں تالا لگا ہوا ہے، تاہم اس کی تلاش جاری ہے، اس کی بیوی اور بچہ تاحال پولیس کی حراست میں ہے، بچے کو چھوڑنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے۔
دوسری طرف پولیس نے نشاندہی پر چھاپہ مار کر اس سنار کو بھی حراست میں لے لیا جو چوری کا سونا خریدتا تھا، اس سے بھی پوچھ گچھ ہورہی ہے۔
یونیورسٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے ملزم پارٹی سے کہا ہے کہ وہ ریکوری کرادیں تو ان کو رہا کردیا جائے، ان کو آفر دی گئی ہے کہ وہ آدھی ریکوری کرادیں آدھی سنار سے کی جائے گی، اس طرح نقصان پورا کرلیا جائے گا، جس کے بعد راجہ شہزاد کو رہائی دی گئی تھی مگر وہ روپوش ہوگیا ہے ۔