افغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے : عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے طاقت کے ذریعے حکومت کا نفاذ تنازع کےحل کا باعث نہیں ہو گا۔
وزیر اعظم عمران خان سےامریکی نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد نے ملاقات کی، جس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، اورافغان امن عمل کو تیز کرنے کے حوالےسے امور پرگفتگو کی گئی۔
وزیر اعظم نےافغانستان میں امن کیلئےوسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیے پر زور دیتے ہوئے افغانستان میں امن کی کوششوں میں پاکستان کےمثبت کردار کو اجاگر کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں تنازعات اور عدم استحکام میں اضافہ پاکستان کےمفادمیں نہیں ہے ایسی صورتحال میں پاکستان کوسنگین چیلنجز کا سامنا کرنا پڑےگا، افغانستان میں پائیدارامن سے علاقائی معاشی رابطوں کو فروغ ملےگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مذاکرات اوربات چیت سے افغانستان میں دیرپا امن اوراستحکام آئےگا۔
پرامن، مستحکم افغانستان کے لئے پاکستان مستقل حمایت کرےگا، ایک محفوظ اورمحفوظ مغربی سرحد پاکستان کے مفادمیں ہےپاکستان امن کی کوششوں میں متعلقہ ممالک کیساتھ بہترین تعلقات چاہتا ہے۔


















