ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں منظم آپریشنل پلان تیار

ایم ڈی ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں منظم آپریشنل پلان تیار کیا گیا ہے، رینٹل مشینری حاصل کر لی گئی ہے اور تمام ضروری اشیاء کی پروکیورمنٹ مکمل کرلی گئی ہے۔
وہ عید پلان بارے میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس عید پرگزشتہ سال کے مقابلے میں صفائی کے بہتر انتظامات کئے گئے ہیں،
عیدالاضحیٰ کے تینوں ایام میں شہر سے15 ہزار ٹن آلائشیں اٹھانے کا ٹارگٹ مقررہ کیا گیا ہے،رینٹل مشینری کو ویسٹ،کچرا اور ملبہ اٹھانے کے لئے بھی استعمال کئے جائے گا.
فخرالاسلام ڈوگر نے بتایا کہ بہترین مانیٹرنگ اور کنٹرول کے لئے شہر کو14سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور عید صفائی آپریشن روزانہ آخری آلائش تلف کرنے تک جاری رہے گا،کمپنی کا کنٹرول روم فعال کردیا گیا ہے،شہری صفائی بارے1139 پر بھی کال کر کے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو خوش گوار اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنے کے لئے عرق گلاب ایسنس، فینائل اور لائم کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ کمپنی کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جارہا ہے،کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ فلضہ ممتاز،ڈاکٹر اللہ بخش، جاوید اقبال اور محمد انیس خواجہ کمپنی کے نئے ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔اسی طرح کمپنی سیکرٹری، منیجر پروکیورمنٹ اور منیجر ورکشاپ کی خالی آسامیوں پر تعیناتیاں مکمل کر لی گئی ہیں.
انہوں نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو پلاسٹک بیگ میں ڈال کر کمپنی ورکرز کے حوالے کریں اور گھروں میں موجود ہماری بہنیں اور بیٹیاں مرد حضرات کو آلائشیں کمپنی ورکرز کے حوالے کرنے کی ترغیب دیں۔


















