32 کھلاڑیوں پر مشتمل انڈر 19 کیمپ کا آغاز اگلے ہفتے سے کراچی میں ہو گا

انڈر19کے 32 کھلاڑیوں پر مشتمل کیمپ کا آغاز 29 جولائی کو نیشنل اسٹیڈیم میں واقع حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں ہو گا،آٹھ ہفتے تک جاری رہنے والے کیمپ میں پورے ملک سے کھلاڑی شرکت کریں گے۔
32 ممکنہ کھلاڑیوں میں پاکستان انڈر 19 اسکواڈ کے تمام 17 ممبران شامل ہیں ان کا انتخاب اپریل کے دورہ بنگلہ دیش کے انتخاب کے لئے کیا گیا تھا، تاہم بنگلہ دیش میں کوویڈ 19 کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے دورہ بنگلہ دیشں ملتوی کر دیا گیا تھا۔
انڈر 19 کیمپ ہیڈ کوچ اعجاز احمد کی زیر نگرانی شروع ہو گا، سابق ٹیسٹ باؤلرراؤ افتخار باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے اور مہتشم رشید فیلڈنگ کوچ ہونگے۔کرکٹ اور فٹنس مشقوں کے علاوہ کیمپ میں کھلاڑیوں کو زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
32 کھلاڑوں اور عملے کے ارکان کراچی آمد سے پہلے اپنے آبائی علاقوں میں کوویڈ ٹیسٹ کروائیں گے، کراچی آمد پر تمام کھلاڑیوں کے دوبارہ کوویڈ ٹیسٹ کراوئیں جائیں گے۔دوران کیمپ کوویڈ 19 کے قواعد و ضوابط سختی سے لاگو ہونگے۔


















