چولستان موبائل سکولوں کے بچوں میں مفت سٹیشنری تقسیم
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چولستان موبائل سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے لیے ٹوبہ کوٹانے والی، تحصیل یزمان، ضلع بہاولپور میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں چیئرمین پیف ملک شعیب اعوان اور ایم ڈی پیف شاہد فرید نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں ڈائریکٹر ریجنل آفس ملتان مظہر عباس خان، فوکل پرسن ایجوکیشن سی ڈی اے بہاولپور امتیاز حسین لاشاری اور دیگر پیف افسران بھی موجود تھے۔
تقریب میں پنجاب ایجوکیشن فاؤ نڈیشن کی جانب سے 76موبائل سکولوں میں پڑھنے والے 2ہزار 680طالب علموں میں مفت سٹیشنری تقسیم کی گئی۔
بچوں میں 2ہزار680 سکول بیگز،8ہزار 40کاپیاں (اردو، حساب، انگلش)، 8ہزار40کچی پینسلیں، 2ہزار 680 ریزرز،2ہزار680شاپنرز،2ہزار680 ڈرائینگ بکس، 2ہزار 680کلر پینسل باکس اور 2ہزار680 جیومیٹری باکس تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کے دوران چیئرمین پیف ملک شعیب اعوان اور ایم ڈی پیف شاہد فرید نے کہا کہ جولستان موبائل سکولوں سے منسلک تمام سکولوں کو پرائمری لیول سے ایلیمینٹری کا درجہ دے دیا جائے گا۔
چولستان موبائل سکول بجنوٹ کو پرائمری لیول سے ہائی لیول تک اپ گریڈ کیا جائے گا۔ اگلے سال سے چولستان موبائل سکولوں کے ساتھ ساتھ کمیونٹی سکولوں میں زیر تعلیم تمام بچوں میں بھی مفت سٹیشری تقسیم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موبائل سکولنگ کا منصوبہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے دیگر منصوبوں سے بہت منفرد منصوبہ ہے،اس منصوبے کے ذریعے چولستان کے بچوں کوتعلیم ان کے گھروں کے نزدیک ملی ہے۔ موبائل سکولنگ کا منفرد منصوبہ نہایت کامیاب ثابت ہوا ہے۔
یہ بات اطمینا ن بخش ہے کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی کوششوں سے چولستان کے صحرا میں علم کے پھول کھلے ہیں اور تعلیم تک رسائی ملنے سے ان بچوں کا معاشی مستقبل محفوظ ہوا ہے۔