90 ارب روپے کا فراڈ کرنے والا وجے مالیا دیوالیہ قرار دے دیا گیا

معروف بھارتی بزنس مین ، میڈیا ٹائیکون ایئر بزبس کا مالک وجے مالیا آخر کار دیوالیہ قرار دےگیا، بھارت سے مفرور تاجر کو برطانوی عدالت نے دیوالیہ قرار دے دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کی عدالت نے پیر کے روز بھارت کے بینکوں سے قرض لے کر فرار ہونے والے تاجر کو دیوالیہ قرار دیا، جس کے بعد اُن کے اثاثے ضبط اور پھر نیلام کر کے رقم بینکوں کو ادا کی جائے گی۔
برطانیہ کی عدالت کے جج مائیکل بریگز نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی سربراہی میں 13 بھارتی بینکوں نے لندن کی عدالت میں وجے مالیا کے خلاف درخواست دائر کی۔درخواست میں مالیا کو کنگ فشر ایئر لائنز کو دیئے گئے قرضوں کی وصولی کے لئے دیوالیہ قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔بھارت کے تمام بینکوں نے لندن کی عدالت میں دائر مقدمے کی پیروی کے لیے مشترکہ طور پر وکیل کیا تھا، جس نے سماعت کے دوران مضبوط دلائل اور شواہد پیش کیے۔ مالیا کو قرض دینے والے بینکوں نے رواں ماہ کنگ فشر ایئر لائنز کے شیئر کو فروخت کرکے 7 ارب 92 کروڑ روپے وصول کرلیے ہیں۔


















