پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کیخلاف اپنا ٹی ٹونٹی ریکارڈ برقرار رکھنے کیلئے پُرعزم

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین چار ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 28 جولائی بروز بدھ کو کنسنگٹن اوول برج ٹاؤن سے ہوگا۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے مابین 5 مرتبہ دوطرفہ ٹی ٹونٹی بین الاقوامی سیریز کھیلی جا چکی ہیں، جہاں 4 سیریز میں پاکستان اور صرف ایک میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے مابین آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز 2019 میں کراچی میں کھیلی گئی تھی، جہاں میزبان ٹیم پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو وائیٹ واش سے دوچار کیا تھا۔
اس سے قبل 2017 میں ویسٹ انڈیز میں کھیلی گئی سیریز میں بھی پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔۔آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی ٹیم رینکنگ میں مہمان پاکستان261 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور میزبان ویسٹ انڈیز 235 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہےتاہم سیریزمیں وائیٹ واش کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس کی تعداد 263 ہوجائے گی اور پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن تیسری ہوجائے گی ۔
اس دوران ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی رینکنگ میں کوئی فرق نظر نہیں آئے گا ۔آئی سی سی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کی عالمی انفرادی رینکنگ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم کا دوسرا اوربہترین محمد رضوان کا نمبر ساتواں ہے۔


















