داخلوں کی بحران میں پھنسی زکریا یونیورسٹی نے ایک بار پھر درخواستیں طلب کر لی

زکریا یونیورسٹی اس وقت داخلوں کے بحران میں پھنسی ہے، یونیورسٹی حکام اس بات کا دعویٰ کرتے نظر آ رہے ہیں کہ وہ مطلوبہ ٹارگٹ کی جانب بڑھ رہے ہیں لیکن حقیقت میں یونیورسٹی مارننگ کی فہرستیں مکمل ہونے کے بعد اب تک صرف 3400 کے قریب داخلے کر پائی ہے۔
اس وقت ایوننگ کلاسز میں داخلے جاری ہیں لیکن داخلوں کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے، جس پر گزشتہ روز یونیورسٹی انتظامیہ نے ایک بار پھر درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم اس بار ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز دو سالہ کے لیے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
یونیورسٹی سے جاری ہونے والے ایک مراسلے کے مطابق فیکلٹی اف سائنس فیکلٹی اف ارٹس اینڈ سوشل سائنسز فیکلٹی اف کامرس بینکنگ اینڈ بزنس ایڈمنسٹریشن اور اسلامک سٹڈی اینڈ لینگویجز میں دو سالہ پروگرام کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
درخواست جمع کرانے کی اخری تاریخ 18 اگست 2025 مقرر کی گئی ہے جبکہ بی ایس پروگرامز میں داخلوں کی شرح سست روی کا شکار ہے، جس پر یونیورسٹی نے ایک بار پھر داخلوں کےلئے درخواستیں طلب کی ہیں، تقریبا 100 سے زائد مضامین میں داخلوں کے لیے درخواستیں مانگی گئی ہیں، درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 اگست مقرر کی گئی ہے۔
اس بارے میں چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید کا کہنا ہے کہ ہم نے داخلوں کا ٹارگٹ پورا کرنے کے لیے جو سٹریٹجی اپنائی تھی اس پر عمل کر رہے ہیں اگر چہ کچھ مشکلات سامنے آئیں لیکن ہماری سمارٹ موو نے ہمارے ٹارگٹ کو اسان بنانا شروع کر دیا ہے، ان کا دعویٰ تھا کہ زکریا یونیورسٹی میں داخلوں کی شرح ہمیشہ پہلے تین میرٹ لسٹوں کے بعد ہی شروع ہوتی ہے، پہلے تین میرٹ لسٹوں میں داخلوں کی کم شرح کی وجہ طلباء کی عدم دلچسپی نہیں بلکہ ہماری سٹریٹجی تھی اور داخلوں کے لیے دوبارہ درخواست دینے کا فیصلہ بھی ہماری سٹریٹجی کا ایک حصہ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ 18 اگست تک ہم اتنی بڑی تعداد میں داخلے کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جو ہمارے ہدف کو چھو رہا ہوگا۔
انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وائس چانسلر داخلہ بڑھانے میں بہت دلچسپی لے رہے ہیں، تاہم سب کو داخلوں کے لیے مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔



















