پی ایس ایل کے 10 سال مکمل، پی سی بی کا ڈاکومینٹری بنانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گزشتہ 10 سالوں پر مبنی ایک اعلیٰ معیار کی دستاویزی فلم تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ڈاکومنٹری 2016 سے 2025 تک پی ایس ایل کے تاریخی سفر، کامیابیوں اور چیلنجز کو عالمی معیار کے مطابق پیش کرے گی۔ ڈاکومینٹری میں پی ایس ایل کی دبئی سے پاکستان منتقلی، غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت، کورونا وبا کے دوران درپیش مشکلات اور دیگر اہم لمحات کا احاطہ کیا جائے گا۔
دستاویزی فلم میں یہ بھی دکھایا جائے گا کہ کس طرح پی ایس ایل دنیا کی صف اول کی لیگوں میں شامل ہوئی۔ پی سی بی جلد ہی ڈاکومنٹری کے لیے دلچسپی رکھنے والی معروف اور تجربہ کار کمپنیوں سے پیشکش طلب کرے گا۔
کرکٹ بورڈ اس پروجیکٹ کو مکمل طور پر پروفیشنل انداز میں مکمل کرنے کا خواہشمند ہے، تاکہ پی ایس ایل کی کامیابیوں کو دنیا بھر میں اجاگر کیا جا سکے۔



















