موسم گرما کی تعطیلات کے بعد پنجاب کے پرائمری و مڈل سکولز آج یکم ستمبر سے کھل جائیں گے

تعلیمی اداروں نے پہلے 14 اگست کو کھلنا تھا پھر انہیں یکم ستمبر تک بند کر دیا گیا، بعد ازاں اس کے بعد اس فیصلے میں ترمیم کرکے نہم سے سیکنڈ ائیر تک کی کلاسز کے لیے اٹھارہ اگست کو کھول دئیے گئے جبکہ نرسری سے آٹھویں تک یکم ستمبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ سکولز آج اپنے شیڈول کے مطابق کھولے جارہے ہیں ، تاہم سیلاب سے زیادہ متاثر علاقوں کے سکولز کو بند رکھنے کا شیڈول ضلعی ایگزیکٹو افسران اور ہائیر ایجوکیشن کے کیس میں ڈائریکٹر کو دیا گیا ہے جو حالات کو پیشن نظر رکھتے ہوئے انفرادی نوٹیفکیشن جاری کررہے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے بحال ہوں گی لیکن سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قائم سکول بند رہیں گے، ریلیف کیمپس والے سکولز بھی فی الحال بند رکھے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ والدین اور طلباء سکول کی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں، تمام سکول محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے فراہم کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
علاوہ ازیں آج سکولز کھلنے پر ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ طلباء نے اپنا یونیفارم صاف ستھرا اور مکمل پہن رکھا ہو۔بیگ، کتابیں، کاپیاں اور چھٹیوں کا دیا گیا ہوم ورک مکمل ہو بچے بروقت سکول پہنچیں۔
تمام اساتذہ کرام کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سکول حاضری کی اطلاعات کلاس گروپس اور واٹس ایپ گروپس میں طلباء تک پہنچائیں، سوموار کے روز تدریسی عمل بروقت اور باقاعدگی سے شروع کیا جائے، اساتذہ مقررہ وقت سے 15 منٹ قبل سکول حاضر ہوں گے اور چھٹی کے بعد 15 منٹ تک سکول میں قیام کریں گے۔
اسی طرح درجہ چہارم کے ملازمین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ سکول کے انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے سکول آئیں گے، چھٹی کے بعد ایک گھنٹہ سکول میں قیام کریں گے۔




















