انجمن طلباء اسلام کے نوء منتخب مرکزی و صوبائی عہدیداران کی تقریب حلف برداری

انجمن طلباء اسلام کے نو منتخب مرکزی و صوبائی عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب شاہی عید گاہ ملتان میں منعقد ہوئی، تقریب میں امیر جماعت اہلسنت پاکستان علامہ پروفیسر سید مظہر سعید کاظمی مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے کہا کہ انجمن طلباء اسلام جماعت اہلسنت کی متفقہ طلبہ تنظیم ہے، جس نے ملک و ملت کو باصلاحیت اور باعمل عشق رسول ﷺ کے جزبے سے سر شار نوجوانوں کی جماعت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انجمن کے کارکنان نے ہمیشہ تحفظ ناموسِ رسالت ﷺ، ختم نبوت ﷺ، عظمتِ صحابہ کرامؓ و اہل بیتؑ کے دفاع میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے جو قابلِ فخر اور ناقابلِ فراموش ہے۔
مرکزی صدر انجمن طلباء اسلام فیصل قیوم ماگرے نے کہا کہ میلادالنبی ﷺ کی محافل ہماری اصل پہچان ہیں اور عشقِ رسول ﷺ ہی ہمارے کردار کی بنیاد ہے، انجمن طلباء اسلام نہ صرف دینی اقدار کے تحفظ بلکہ ملک کے کونے کونے میں طلباء کے تعلیمی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے بھی جدوجہد کر رہی ہے۔
مرکزی سیکرٹری جنرل سردار بیدار حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ طلبہ یونین کی بحالی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے، تاکہ طلباء اپنے حقوق اور مسائل کو مؤثر انداز میں پیش کر سکیں۔
انجمن طلباء اسلام ہر سطح پر طلبہ کے تعلیمی مسائل، فیسوں میں اضافے اور سہولیات کی کمی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔
صوبائی ناظم پنجاب عمیر اعوان نے کہا کہ پنجاب کی جامعات و کالجز میں انجمن طلباء اسلام کے کام کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جائے گا، ہم تعلیمی اداروں میں مثبت ماحول، طلبہ کی فکری و اخلاقی تربیت اور حقوقِ طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔
جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری مہر شاکر اسلم نوناری نے کہا کہ ہم نئے علاقوں میں اپنی تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دیں گے اور نوجوانوں کو بڑی تعداد میں انجمن طلباء اسلام کے پلیٹ فارم پر متحرک کریں گے۔




















