ویمن یونیورسٹی ملتان میں عشرہ رحمت العالمین کی تقریبات شروع ہوگئیں

ترجمان کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایت پر ماہِ ربیع الاول کے بابرکت مہینہ کی آمد پر عید میلاد البنیﷺ منانے کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا اور عشرہ رحمت اللعالمین کی تقریبات شروع ہوگئیں۔
اس سلسلے میں ویمن یونیورسٹی تقریری مقابلے منعقد ہوئے، تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں انہوں نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ اس ماہ مقدس میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کو 1500 برس مکمل ہوگئے، جو بلاشبہ یادگار اور مبارک گھڑیاں ہیں، اسی نسبت سے حکومتِ پاکستان نے عشرۂ رحمت للعالمین” نہایت شان و شوکت سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تمام تر حمد و شکر اس ذاتِ باری تعالیٰ کے لیے ہے جس نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی قدرتِ کاملہ کا جاویداں مظہر بنایا، بے شمار درود و سلام اس ہستیِ مقدسہ پر جن کی بدولت انسانیت کو حقیقی عظمت اور فلاح کی راہیں نصیب ہوئیں بلا شبہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے روشنی کا سر چشمہ اور نجات کا یقینی وسیلہ ہے، آپ کی آمد نے اس دنیا سے جہلت کے اندھیرے ختم ہوئے، آپ کی ذات ہم سب کےلئے راہ نجات ہے۔
رجسٹرار ڈاکٹر ملیکہ رانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نبیِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش سے پہلے کی جاہلیت اور تاریکی تھی آپ کی آمد سے دنیا میں علم و نور کے پھیلاؤ اور جہالت و اندھیروں کا خاتمہ ہوا، آپ کی آمد نے انسانیت کو زندگی کا شعور اور ضابطہ دیا، حضورِ اکرم ﷺ کی برکت سے ہی دنیا میں ترقی، خوشحالی اور سکون نظر آتا ہے۔
اس موقع پر طالبات نے تقاریر میں آپ ﷺ ذات اقدس بارے آگاہی دی، تقریب میں خزانہ دار ڈاکٹر سارہ مصدق، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید، فیکلٹی ممبران اور طالبات نے شرکت کی۔




















