کامسٹیک کا سیلاب زدگان کے لئے ریلیف آپریشن کا آغاز

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذیلی ادارے کامسٹیک کی ایک ٹیم نے حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور بحالی کے لیے مشترکہ ریلیف آپریشن کا آغاز کیا ہے۔
اس سلسلے میں کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد کے کوآرڈینیٹر/فوکل پرسن برائے آؤٹ ریچ و میڈیا، محمد مرتضیٰ نور کی سربراہی میں ایک ٹیم نے جنوبی پنجاب کے ضلع وہاڑی اور خیرپور ٹامیوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر کومسیٹس یونیورسٹی وہاڑی کیمپس کے عملے اور الخدمت فاؤنڈیشن نے بھی ٹیم کا ساتھ دیا۔ریلیف قافلے میں بنیادی اشیائے ضرورت بشمول خوراک، صاف پانی، ادویات، میڈیکل کٹس اور رضاکار شامل تھے۔
کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اپنے اظہارِ یکجہتی کے پیغام میں کہا کہ او آئی سی کی معاونت سے کامسٹیک پاکستان کے عوام کے ساتھ اس مشکل گھڑی میں پوری مضبوطی سے کھڑا ہے، ہم اپنے تمام دستیاب وسائل کو متحرک کر رہے ہیں تاکہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کی مدد اور بحالی کی جا سکے، اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔


















