زکریا یونیورسٹی : شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر کی صدر اے ایس اے کے ساتھ تلخ کلامی، گالم گلوچ

زکریا یونیورسٹی کے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر اکبر علی قریشی کی صدر اکڈیمک اسٹاف ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار ملک کے ساتھ شدید تلخ کلامی اور گالم گلوچ، بات تقریباً ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر اکبر علی قریشی جو کہ شعبہ مکینیکل انجینئرنگ میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں اور زکریا یونیورسٹی کی ایگری کالونی میں رہائش پذیر ہیں۔
دو روز قبل پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار ملک نے بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر (الیکٹریکل) ان کے گھر کا معائنہ کیا اور بجلی کے خراب میٹر کے ذریعے بجلی چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے میٹر تبدیل کر کے نیا میٹر لگا دیا، اس موقع پر ڈاکٹر اکبر علی قریشی گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔
بعد ازاں جب ڈاکٹر اکبر علی قریشی گھر واپس آئے تو تبدیل میٹر کو دیکھ کر ڈاکٹر عبدالستار ملک کے گھر پہنچ گئے، اس موقع پر انہوں نے بلا اجازت میٹر تبدیل کرنے پر پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار ملک کو بُرا بَھلا کہا اور انتہائی فحش گالیاں بھی دیں، بات تقریباً ہاتھا پائی تک پہنچ گئی تاہم شور شرابا سننے پر ہے اہل محلہ/ دیگر فیکلٹی ممبران اکٹھے ہو گئے اور دونوں کے مابین بیچ بچاؤ کرایا۔
اہل محلہ پروفیسرز کی منت سماجت پر ڈاکٹر اکبر علی قریشی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے اپنے گھر واپس چلے گئے۔




















