14ویں راولپنڈی چیس چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان

راولپنڈی چیس ایسوسی ایشن (RCA) نے براوو فوڈز کے اشتراک سے 14ویں راولپنڈی شطرنج چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایونٹ اتوار، 21 ستمبر 2025 کو براوو فوڈز، کمرشل مارکیٹ راولپنڈی میں منعقد ہوگا۔ اس شراکت داری کا مقصد ہر عمر کے شہریوں میں ذہنی و فکری کھیل شطرنج کے فروغ اور ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ مقابلہ مرد، خواتین اور 13 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے لیے ہے اور سوئس سسٹم کے تحت 7 راؤنڈز پر مشتمل ہوگا، جس میں 10 منٹ + 5 سیکنڈ کی ٹائم کنٹرول سہولت ہوگی۔ اوپن کیٹیگری میں پہلے آٹھ پوزیشنز، جبکہ خواتین اور انڈر-13 کیٹیگری میں پہلی تین پوزیشنز کے لیے نقد انعامات رکھے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، راولپنڈی، جناب شمس توحید عباسی نے کہا کہ "شطرنج جیسے ذہنی کھیلوں کا فروغ نوجوانوں کی ہمہ جہت ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ RCA اور براوو فوڈز کا یہ اشتراک ایک بہترین مثال ہے کہ کس طرح نجی ادارے کھیلوں کے فروغ میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔”
چیس ایسوسی ایشن آف پنجاب کے سیکرٹری اور RCA کے صدر جناب راجہ گوہر اقبال نے کہا "راولپنڈی میں شطرنج کے فروغ کے لیے آر سی اے نے ہمیشہ انتھک محنت کی ہے لیکن پائیدار ترقی کے لیے کاروباری طبقے کی شمولیت ناگزیر ہے۔ براوو فوڈز کی اسپانسرشپ نہ صرف ایک ٹورنامنٹ کے لئے ہے بلکہ یہ ہماری کمیونٹی کی ذہنی نشوونما میں سرمایہ کاری بھی ہے۔”
براوو فوڈز کے منیجر جناب کاشف منظور نے کہا "ہم ذہنی نشوونما اور اسٹریٹجک سوچ کی حوصلہ افزائی کرنے والے منصوبوں کے حامی ہیں۔ اس شطرنج چیمپئن شپ کی میزبانی ہمارے لیے فخر کی بات ہے اور ہم اسے شطرنج کمیونٹی کے ساتھ طویل شراکت داری کا آغاز سمجھتے ہیں۔”
راولپنڈی چیس ایسوسی ایشن کاروباری طبقے، تعلیمی اداروں اور کمیونٹی کے دیگر اداروں کو دعوت دیتی ہے کہ وہ شطرنج کے فروغ کے لیے تعاون کریں تا کہ سکولوں، کالجوں اور شہروں میں مزید ٹورنامنٹس اور لیگ منعقد کی جا سکیں۔
ایونٹ کی تفصیل:
ٹورنامنٹ: 14ویں راولپنڈی شطرنج چیمپئن شپ
تاریخ: اتوار، 21 ستمبر 2025
وقت: صبح 9:00 بجے سے آگے
مقام: براوو فوڈز، کمرشل مارکیٹ، راولپنڈی
فارمیٹ: 7 راؤنڈز، سوئس سسٹم، 10 منٹ + 5 سیکنڈ انکریمنٹ
کٹیگریز: اوپن، خواتین اور انڈر-13




















