ویمن یونیورسٹی ملتان کا آئی ٹی سسٹم بیٹھ گیا، ایڈمیشن کے لئے آنے والے ووچرز کے انتظارمیں خوار ہوگئے

ویمن یونیورسٹی ملتان میں اس وقت بی ایس پروگرام کے لئے ایڈمیشنز جاری ہیں مگر ان کا آئی ٹی سسٹم ایک بار پھر جواب دے گیا، دو ہفتے قبل بھی ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے سرور بیٹھ گئے تھے، جس کی وجہ سے ایڈمنشن سسٹم متاثر ہوا، اب گذشتہ روز ایک بار پھر سسٹم بیٹھ گیا۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ داخلے کی خواہش مند طالبات کو فیس واؤچر جمع کرانے کا کہا گیا جب طالبات اور والدین داخلے کےلئے واؤچر کے حصول کے لیے یونیورسٹی پہنچے تو معلوم ہوا کہ سسٹم ڈاؤن ہوا ہے۔
جو لوگ صبح 9 بجے پہنچے ان کو 1 بجے تک واؤچرز ایشو کیے گیے، اسی طرح جو طالبات اور والدین 11،12 بجے یونیورسٹی آئے وہ 4 بجے تک یونیورسٹی میں داخلے کے لئے واؤچر کے حصول کے لئے خوار ہوتے رہے ۔
شدید گرمی کے باعث اور یونیورسٹی میں رش کی وجہ سے کئی طالبات کی حالت غیر یوگئی، تاخیر کی وجہ پوچھنے پر کوئی صحیح بات بتانے کو تیار نہیں تھا۔
والدین کا کہنا تھا کہ ہم جمع پونجی اکھٹی کرکے آئیں ہیں تو ذلیل کیا جارہا ہے، اعلیٰ حکام صورت حال کا نوٹس لیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی حکام کے لئے تمام طالبات اور ان کے اہل خانہ قابل عزت اور احترام ہیں، انٹرنیٹ کی فراہمی میں خلل، اور رفتار سست ہونا ایک ایشو ہے، جس کے تمام شہری شکار ہیں، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ پوری کوشش کرتا ہے کہ بروقت تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنائی جائے مگر ٹیکنیکل ایشوز کی وجہ سے مسائل آجاتے ہیں، جن کو ترجیحی بنیادو ں پر حل کردیا گیا ہے ۔



















