سیلاب سے متاثرہ سکولوں میں تین شفٹوں میں تدریسی کام شروع کرنے کا فیصلہ

صوبہ پنجاب میں تباہ کن سیلاب کے باعث 3 ہزار سے زائد سکول غیر فعال ہو گئے، جس سے ہزاروں بچوں کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ گیا، صرف ملتان کے 155 سے زائد سکول مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں، ان میں سیلابی پانی کھڑا ہے، صوبے میں سیلاب کی وجہ سے محکمہ اسکول ایجوکیشن کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔
سکولوں میں پہلے ہی سہولیات کی کمی تھی لیکن آفت نے ہزاروں سکول تباہ کر دیئے، جن میں سے کئی اب بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، محکمہ اب ان سکولوں کی بحالی کے چیلنج سے دوچار ہے اور بے گھر طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کے لیے فعال سکولوں میں تین شفٹوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
متاثرہ سکولوں کی بحالی میں تقریباً تین ماہ لگیں گے، اس دوران حکومت نے منصوبہ بنایا ہے کہ نجی عمارتیں کرائے پر لی جائیں اور متاثرہ علاقوں میں خیمہ سکول قائم کیے جائیں تاکہ تعلیمی سلسلہ جاری رہے۔



















