ویمن یونیورسٹی ملتان سیلاب زدگان کے لئے امدادی اشیاء لیکر آج روانہ ہوگی

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان نے شجاع آباد، علی پور اور جلالپور پیروالا کے سیلاب متاثرین کےلئے فلڈ ریلیف کمپین کا آغاز کیا تھا جس میں یونیورسٹی کی اساتذہ، افسر اور طالبات نےفنڈز اکھٹا کیا، جس سے ضرورت زندگی کی اشیاء کو پیکنگ کے بعد متاثرین میں تقسیم کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے
اس سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے یونیورسٹی کے احاطے میں لگائے گئے ڈونیشن کیمپ کا دورہ کیا اور مہم کے سلسلے میں کیے جانے والے انتظامات اور تیاریوں کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران وائس چانسلر کے ساتھ رجسٹرار ڈاکٹر ملیکہ رانی اور فلڈ ریلیف ڈرائیو کی فوکل پرسن بھی تھیں، جنہوں نے انہیں منصوبہ بندی، فنڈز ریزنگ اور اشیا کی تیاری بارے مکمل بریف کیا۔
وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ نے تعلیمی اداروں اور معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں جو تباہ کن سیلاب کی وجہ سے بے پناہ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، ہماری امدادی مہم ہمدردی اور یکجہتی کی روشنی کے طور پر کام کرے گی۔
رجسٹرار ڈاکٹر ملیکہ رانی نےکہا کہ عطیہ کیمپ کو طلباء اور عملہ دونوں کی طرف سے حوصلہ افزا فیڈ بیک مل رہا ہے، جو ضروری اشیاء جیسے کہ کھانے کی اشیاء، کپڑے، ادویات اور پینے کا پانی فراہم کر رہے ہیں۔
فوکل پرسن ڈاکٹر ثمینہ اختر نے کہا کہ اب تک 200 فیملیز اور کھانے پینے کی اشیاء کے تھیلے پیک کیے جا چکے ہیں، جن میں بنیادی ضروریات موجود ہیں۔
ویمن یونیورسٹی کی ٹیمیں آج صبح متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے گی اور شہریوں میں امدادی اشیا تقسیم کرےگی، پہلی ٹیم صبح چھ بجے علی پور کےلئے روانہ ہوگی، ٹیم کے لیڈر مسٹر عقیل ہوں گے جبکہ ڈسٹری بیوشن ٹیم میں محمد ارشد میڈیا کوریج ٹیم میں مس انعم زہرہ اور عدنان شامل ہوں گے جبکہ فیکلٹی ٹیم میں ڈاکٹر رقیہ، ڈاکٹر تنزیلہ، ڈاکٹر جویریہ احمد، ڈاکٹر حنا منیر، اور ڈاکٹر عظمیٰ منور ہوں گی جبکہ سیکیورٹی کے فرائض عبدالسلام اور فہیم اقبال سر انجام دیں گے۔


















