پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ ٹیسٹ سیریز: قومی سکواڈ کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والی ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے 18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ کپتانی کی ذمہ داری ایک بار پھر شان مسعود کے سپرد کی گئی ہے۔
اعلان کردہ سکواڈ میں نوجوان اسپنرز آصف آفریدی اور فیصل اکرم کے ساتھ وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ تجربہ کار کھلاڑیوں بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو بھی ٹیم میں برقرار رکھا گیا ہے۔
سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 اکتوبر تک لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ٹیم کا تربیتی کیمپ 30 ستمبر سے 8 اکتوبر تک لاہور میں منعقد ہوگا، اور پہلے ٹیسٹ سے قبل سکواڈ کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ایشیا کپ کھیلنے والے کھلاڑی 4 اکتوبر کو کیمپ جوائن کریں گے۔
سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، عبداللہ شفیق، سعود شکیل، سلمان علی آغا، عامر جمال، کامران غلام، حسن علی، خرم شہزاد، نعمان علی، ساجد خان اور ابرار احمد شامل ہیں۔
یہ سیریز پاکستان کے نئے ٹیسٹ کمبی نیشن کے لیے ایک اہم امتحان سمجھی جا رہی ہے۔



















