یونیورسٹیوں میں معیاری تعلیم کے لئے پنجاب بھر کے وائس چانسلرز کا اجلاس

پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے زیرِ اہتمام صوبے کی سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کے ساتھ “معیاری تعلیم: چیلنجز اور مواقع” کے موضوع پر ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا۔
اس اجلاس کا مقصد صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور ادارہ جاتی خود مختاری کے فروغ کے لیے عملی تجاویز پر تبادلۂ خیال کرنا تھا۔
اجلاس میں ملک کے ممتاز صنعتکار، نامور ماہرِ تعلیم اور سماجی رہنما سید بابر علی مہمان خصوصی تھے، انہوں نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تحقیق کے معیار میں بہتری، اور نوجوان نسل میں خود اعتمادی، اخلاقیات اور قومی خدمت کے جذبے کو بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو صرف ڈگری دینے والے مراکز کے بجائے “علم، کردار اور قیادت” کی تربیت گاہیں بننا چاہیے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر علمی ترقی کی دوڑ میں نمایاں مقام حاصل کرسکے۔
اجلاس میں جامعات کی ایکریڈیشن، تعلیمی معیار کے اشاریے نصاب میں اختراعات، فیکلٹی کی استعداد کار میں اضافہ، اور یونیورسٹی-انڈسٹری تعاون کے معاملات زیر بحث آئے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جامعات کو محض تدریسی ادارے نہیں بلکہ تحقیق و ترقی کے مراکز بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں شفافیت، میرٹ، اور جدت کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے وائس چانسلرز پر زور دیا کہ وہ ادارہ جاتی گورننس کو مضبوط بنائیں، طلبہ کی تربیت پر خصوصی توجہ دیں، اور تحقیق کو قومی ضروریات سے ہم آہنگ کریں۔
اس موقع پر چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان (ہلالِ امتیاز، ستارہ امتیاز) نےکہا کہ پنجاب ایچ ای سی صوبے کی جامعات کے ساتھ مل کر معیارِ تعلیم کو عالمی سطح کے مطابق بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پائیدار ترقی کے لیے وسائل کے مؤثر استعمال، بین الاقوامی شراکت داریوں کے فروغ، اور تدریسی و تحقیقی معیار کی بہتری ناگزیر ہے۔
پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایسے پلیٹ فارمز تعلیمی پالیسیوں میں مثبت تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوں گے اور پاکستان میں معیاری تعلیم کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔




















