ویمن یونیورسٹی میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے حوالے سے سیمینار کا اہتمام

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان کے زیرِ اہتمام فیروز سنز لیبارٹریز لمیٹڈ اور نشتر میڈیکل یونیورسٹی و ہسپتال ملتان کے تعاون سے بریسٹ کینسر آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طالبات میں بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر، اور عوامی سطح پر پائے جانے والے غلط تصورات کے ازالے کے لیے شعور بیدار کرنا تھا۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کی صحت سے متعلق آگاہی خصوصاً نوجوان نسل میں بے حد ضروری ہے اگر بریسٹ کینسر کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں ہو جائے تو اس کا علاج ممکن ہے، لہٰذا اس بیماری سے متعلق آگاہی، خود معائنہ، اور باقاعدہ اسکریننگ کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
یہ مشترکہ کوشش خواتین کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر قدم ہےخواتین کو علم اور آگاہی سے بااختیار بنانا دراصل زندگی بچانے کا پہلا قدم ہے، ویمن یونیورسٹی صرف علمی ترقی ہی نہیں بلکہ صحت آگاہی اور سماجی ذمہ داری کے فروغ کے لیے بھی پرعزم ہے، ویمن یونیورسٹی مستقبل میں بھی صحت، شعور اور بہبود سے متعلق ایسے آگاہی پروگرامز کو جاری رکھے گی تاکہ طلباء نہ صرف علمی بلکہ سماجی اور صحت مند زندگی کے میدان میں بھی مثبت کردار ادا کر سکیں۔
سیشن کے مہمانِ مقرر، ڈاکٹر رانا عتیق انور خان (ایسوسی ایٹ پروفیسر و ہیڈ، شعبہ کلینیکل آنکولوجی، نشتر میڈیکل یونیورسٹی) نے بریسٹ کینسر کی علامات، وجوہات، خطرات، اور احتیاطی تدابیر پر تفصیلی لیکچر دیا۔
انہوں نے اور ان کی ٹیم نے اسکریننگ کے طریقہ کار سے آگاہ کیا اور عوامی سطح پر پائے جانے والے مختلف غلط فہم تصورات کا سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کیا۔
تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر ثمینہ اختر، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید، مختلف شعبہ جات کی اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


















