سرکاری سکولوں کے گراونڈز آباد کرنے کا فیصلہ ،قریبی آبادی کے بچوں کو مشروط اجازت دی جائے گی

پنجاب حکومت نے ایسے تمام سکولوں کے گراؤنڈز آباد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، جن کو نجی شعبے کے حوالے کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں پیف کے جاری مراسلے میں کہاگیاہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات کے مطابق تمام لائسینسیز کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ سکولوں کے گراؤنڈز استعمال کرنے کی پالیسی مرتب کرلی گئی ہے۔
قریبی کمیونیٹیز کے سات سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو پی ایس آر پی سکولوں میں کھیلنے کی اجازت ہے، موسم گرما کی تعطیلات میں صبح 6 بجے سے صبح 10 بجے تک اور سہ پہر 4 بجے سے 6 بج کر 30 منٹ تک کھیلنے کی اجازت ہے۔
موسم گرما کی تعطیلات کے بعد نئے اوقات کار طے کئے جائیں گے، دس سے چار بجے کے درمیان کھیلوں کی کوئی سر گرمی نہ ہوگی۔
سکول مینجمنٹ کمیٹی قریبی کمیونیٹیز کے افراد کے لیے صبح کی سیر کی بھی اجازت دے سکتی ہے، جس کے تحت باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے گی اور چیک اینڈ بیلنس کا نظام وضع کیا جائے گا۔
صرف ان کھیلوں کی اجازت ہے جس سے سکول کی عمارت اور دیگر اثاثہ جات کو کوئی نقصان نہ پہنچے، بچے سکول کے اندر مختص کئے گئے کھیل کے میدان اور جاگنگ ٹریک پر جا سکتے ہیں۔
سکول انتظامیہ صرف ان کھیلوں کی سر گرمیوں کی اجازت دے گی جس سے اسکول کی املاک اور تنصیبات کو نقصان نہ پہنچے۔
سکول انتظامیہ نظم و ضبط اور متعلقہ شرائط و ضوابط کے نفاذ کو یقینی بنائے گی سکول انتظامیہ کھانے کی اشیاء کی اجازت نہیں دے گی، سکول انتظامیہ کوڑے کو ٹھکانے لگانے کے لیے کوڑے دان کو یقینی بنائے گی۔ پودے ، لان، کیاریوں اور سبزے کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا۔
جارحانہ رویہ ، دھونس، گالی گلوچ کے علاوہ مروجہ روایات اور اخلاقی اصولوں کے خلاف کوئی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر امیدواروں کی رجسٹریشن منسوخ کر دی جائے گی۔
سکول انتظامیہ اور والدین / سر پرست بچوں کو مناسب لباس زیب تن کر وائیں گے، والدین / سر پرست بچوں کی وجہ سے اسکول کی املاک کو پہنچنے والے کسی بھی نقصان کے ذمہ دار ہوں گے۔
سکول انتظامیہ بچوں اور اسکول کی املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسکول کے احاطے / کھیل کے میدانوں میں سائیکلوں، موٹر سائیکلوں، کاروں یا کسی دوسری گاڑی کے داخلے کی اجازت نہیں دے گی۔
سکول کے میدان دیگر ہم نصابی سر گرمیوں کے لیے استعمال کیے جاسکتے ہیں جیسے مباحثہ شاعری / مضمون / تحریری / کوئز مقابلے، نمائشیں، سائنس اور کتاب میلے، صحت اور خون کا عطیہ کیمپ و غیرہ شامل ہیں تاہم سکول کے میدان کو شادی ، برتھ ڈے یا دیگر پرائیوٹ فنکشن کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا
چوکیدار / سیکیورٹی گارڈ رجسٹریشن کے مطابق بچوں کی آمد و رفت کا ریکارڈ رکھیں گے اور سکول کی املاک و تنصیبات کی حفاظت یقینی بنائیں گے، تاہم شرائط و ضوابط پر عمل درآمد کی ذمہ داری لائسنسی پر ہو گی۔




















