ویمن یونیورسٹی ملتان میں چیٹ بوٹ سے آگاہی بارے سیمینار کا انعقاد

ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی ملتان میں سرکل ویمن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور انسٹی ٹیوٹ آف کمیپوٹر سائنسز اینڈ آئی ٹی کی نگرانی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر آگاہی کا پہلا سیمینار منعقد ہوا، جس کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔
سیمینار میں ڈاکٹر عدیلہ سعید، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ، ڈاکٹر خدیجہ کنول چیئرپرسن کمپیوٹر سائنسز ، ڈاکٹر سارہ مصدق، ڈاکٹر اسماء اکبر نے شرکت کی۔
سیمینار کا مقصد خواتین طالبات کی تعلیمی، تحقیقی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ تھا جس میں جدید دور کی تعلیمی ضروریات ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال اور طالبات کی سہولت کے لیے متعارف کردہ نئے سسٹمز پر جامع روشنی ڈالی گئی۔
سیشن کی میزبانی ڈاکٹر اسما اکبر نے کی اور انہوں نے طالبات کو بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کس طرح تعلیمی ماحول کو بدل رہی ہے اور خواتین طلبہ کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔
ویمن یونیورسٹی ملتان نے سرکل ویمن ایسوسی ایشن کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، اس موقع پر مسٹر مقبول حسین نے سرکل ویمن ایسوسی ایشن کے مشن پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ملک کی 52 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے، مگر صرف 1 فیصد خواتین کاروباری سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہیں، اور سرکل اس خلا کو بھرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سرکل ایک ٹیکنالوجی پر مبنی غیر منافع بخش ادارہ ہے جو پاکستان کے 100 سے زائد شہروں میں فعال ہے اور اس کے شراکت داروں میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، مائیکروسافٹ اور کئی سرکاری ادارے شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 30 ہزار سے زائد خواتین کو صحت، ڈیجیٹل اور مالیاتی تعلیم میں تربیت دی جا چکی ہے، جس سے کئی خواتین نے گھر بیٹھے چھوٹے کاروبار شروع کیے ہیں۔600 سے زائد طلبہ نے گوگل سرٹیفائیڈ کورسز مکمل کیے ہیں، جس سے ان کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ ہوا ہے، میڈیا انفلونسرز کے لیے بھی خصوصی پروگرام متعارف کروایا ہے۔
لیکچرار مس مریم محمود نے ڈیجیٹل یمپوویرمنٹ پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ سرکل باجی جیسے پلیٹ فارمز کس طرح خواتین کو سیکھنے، جڑنے اور اپنے کیریئر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔
وائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکل باجی چیٹ بوٹ کے تعارفی سیشن کا مقصد طالبات کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل لرننگ کے ان مواقع سے روشناس کرانا ہے جو انہیں مستقبل کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ دنیا میں کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اس پروگرام کے تحت طالبات کو چیٹ بوٹ کے بنیادی تعارف، کلیدی لرننگ ڈومینز، آن لائن پلیٹ فارم کے فوائد اور ممکنہ نتائج سے آگاہ کیا جائے گا کہ کس طرح سرکل باجی چیٹ بوٹ ان کی سیکھنے کی رفتار بڑھا سکتا ہے، مختلف سوالات کے فوری جوابات فراہم کرتا ہے، اور انہیں ڈیجیٹل وسائل تک مؤثر رسائی دیتا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ پروگرام مستقبل میں روزگار کے نئے مواقع، ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ، اور ٹیکنالوجی کے ساتھ خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی راہ ہموار کرے گا، جس کا براہِ راست فائدہ ویمن یونیورسٹی کی طالبات کو حاصل ہوگا ویمن یونیورسٹی ملتان جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ "طلبہ کی رہنمائی اور فلاح ہمیشہ ہماری اولین ترجیح رہی ہے، اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال یونیورسٹی کے اس مشن کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے سیمینار کے انعقاد کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے ایسی سرگرمیوں کے تسلسل پر زور دیا۔
ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز ڈاکٹر خدیجہ کنول نے بتایا کہ ورچوئل لرننگ ٹولز، ای لائبریریز، آن لائن کورسز اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن سسٹمز نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بناتے ہیں بلکہ طالبات کو عالمی معیار کی تعلیم تک رسائی بھی فراہم کرتے ہیں آئندہ بھی اس نوعیت کی ورکشاپس اور سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا رہے گا تاکہ طالبات کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔
آن لائن پلیٹ فارمز کی بدولت طالبات کسی بھی وقت اپنی تعلیمی ضروریات پوری کر سکتی ہیں جو خصوصاً مصروف شیڈول رکھنے والی طالبات کے لیے انتہائی مددگار ہیں۔
آخر میں سوال و جواب کا سیشن رکھا گیا جس میں طالبات نے سرکل باجی چیٹ بوٹ اور دیگر آن لائن سروسز کے حوالے سے مختلف سوالات کیے، اس موقع پر اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔




















