ملتان میں ویکسی نیشن مہم سے عدم تعاون پر تین پرائیویٹ سکول سیل کردئیے گئے

سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ کی ہدایات پر ضلع بھر میں ویکسی نیشن مہم سے انکاری تین پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو سیل کردیا گیا۔
حکومتِ پنجاب نے حالیہ حفاظتی ٹیکہ جات مہم کے دوران تمام پرائیویٹ سکول مالکان اور پرنسپلوں کو واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ وہ ویکسی نیشن ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون اور انتظامی تقاضوں پر بروقت عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
اسی سلسلے میں شاہ محمد ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (EE-M) ملتان صدر کو بطور فوکل پرسن مقرر کیا گیا تھا، جنہوں نے متعدد اداروں کی جانب سے ٹیموں کے ساتھ عدم تعاون کی رپورٹ سی ای او کو پیش کی۔
رپورٹ کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنر ملتان سٹی نے پیرا فورس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے 3 نجی اداروں جس میں ملتان گرامر سکول نزد گورنمنٹ شہباز شریف ہسپتال، گلیسن سکول 60 فیٹی روڈ وی بلاک نزد باقر آباد مسجد نیو ملتان،اور ایکسَل سکول نزد الجلان روڈ، ملتان کو پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل رولز کے تحت سیل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن ملتان ڈاکٹر صفدر حسین واہگہ نے واضح کیا کہ ’’سرکاری و نجی دونوں شعبوں کے تعلیمی اداروں کے لیے بچوں کی صحت و سلامتی اولین ترجیح ہے جو پرائیویٹ سکول ویکسی نیشن مہم میں تعاون نہیں کریں گے، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘



















