پورٹل کی خرابی؛ سکولز ٹیچرز انٹرنز کی بھرتی کے لئے درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

سکول ٹیچرز انٹرن (STI) کی بھرتی کے عمل میں امیدواروں کو ایک اور موقع مل گیا ہے، کیونکہ محکمہ تعلیم نے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ میں 3 روز کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق بھرتی کا آن لائن پورٹل گزشتہ چند روز سے تکنیکی خرابی کا شکار تھا، جس کے باعث متعدد امیدوار درخواستیں جمع کروانے سے رہ گئے۔
اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ نے فیصلہ کیا کہ تمام امیدواروں کو برابری کا موقع فراہم کیا جائے، لہٰذا اب وہ اپنی درخواستیں 24 نومبر تک جمع کروا سکیں گے۔
نئے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 26 نومبر صبح 10 بجے میرٹ لسٹ متعلقہ سرکاری اسکولوں کے نوٹس بورڈز پر آویزاں کر دی جائے گی، جہاں امیدوار اپنا نام چیک کر سکیں گے، میرٹ میں شامل امیدواروں کے انٹرویوز 29 نومبر کو منعقد کیے جائیں گے، اور کامیاب امیدواروں کو یکم دسمبر کو باقاعدہ تعیناتی کے احکامات جاری کر دیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ بھرتی کے اس مرحلے کا مقصد اسکولوں میں تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنانا اور اساتذہ کی کمی کو پورا کرنا ہے، جبکہ پورٹل کی خرابی کے باعث رہ جانے والے امیدواروں کو یہ توسیع بڑا ریلیف فراہم کرے گی۔


















