ویمن یونیوسٹی میں ڈینگی سے بچاؤ بارے سیمینار

ویمن یونیورسٹی ملتان میں ڈینگی سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ویمن یونیورسٹی میں دینگی سے بچاؤ بارے سرگرمیاں جاری ہیں، جس میں انسداد ڈینگی کےلئے بنائی گئی کمیٹی فعال ہے، اسی کمیٹی کے زیر اہتمام آگاہی سیمنار منعقد کیا گیا۔
مہمانِ خصوصی ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں جبکہ رجسٹرار ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر ثمینہ اختر نے مہمانِ اعزاز کے طور پر شرکت کی۔
سیمینار کے مہمانِ مقرر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کے ممتاز ماہرِ حشریات ڈاکٹر اُنصر نعیم اللہ تھے، انہوں نے ڈینگی کے وائرس، پاکستان کے مختلف علاقوں میں موجودہ صورتِ حال، بیماری کی علامات، ابتدائی طبی علامات کی پہچان، اور اس کے مؤثر تدارک کے حوالے سے انتہائی مفصل اور معلوماتی لیکچر دیا اور شرکاء کو صفائی، پانی کے مناسب نکاس، گملوں، ٹینکیوں اور نیم کھلے مقامات میں موجود پانی کو خشک رکھنے جیسی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ اس سیمینار اور واک کا مقصد ڈینگی کے خلاف اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو مزید مضبوط بنانا تھا، یونیورسٹی کےمتی تل کیمپس اور کچہری کیمپس میں اکتوبر اور نومبر کے مہینوں کے دوران بھرپور فومیگیشن کی گئی، تاکہ ڈینگی پھیلانے والے مچھروں کی افزائش کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔
ڈینگی سے بچاؤ کے لیے یہ سلسلہ وار اقدامات مستقبل میں بھی جاری رہیں گے، تاکہ طلباء فیکلٹی اور عملے کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر شعبہ زولوجی کی لیبارٹری میں ڈینگی کے لاروا کی شناخت کی عملی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
فوکل پرسن ڈاکٹرآسیہ بی بی نےکہا کہ سرگرمیوں کا بنیادی مقصد طلبہ، فیکلٹی اور عملے میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال، اس کی علامات، مچھر کی افزائش کے مقامات اور بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنے اور اہل خانہ کی حفاظت کرسکیں۔
اس موقع پر میاں ہمایوں خُرشید (ایڈیشنل فوکل پرسن) اور محمد شفیق (اسٹیٹ آفیسر) بھی موجود تھے۔




















