ملتان : ڈاکٹر زرغونہ کنول نے خواتین کالج ممتاز آباد کی پرنسپل کا چارج سنبھال لیا

محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے سلیکشن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ڈاکٹر زرغونہ کنول، ایسوسی ایٹ پروفیسر آف اردو ، کو گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین ممتاز آباد، ملتان میں پرنسپل کے عہدے پر تعینات کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور انہوں نے عہدے کا چار ج سنبھال کرکام شروع کردیا ہے۔
نئی تعیناتی کالج میں خالی پڑی اسامی کے خلاف کی گئی ہے جو تین سال کی ابتدائی مدت کے لیے ہو گی اور تسلی بخش کارکردگی پر ہی برقرار رہے گی۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے مطابق ڈاکٹر زرغونہ کنول کا شمار اُن قابل اور تجربہ کار اساتذہ میں ہوتا ہے جنہوں نے خواتین کی تعلیم و تربیت میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ وہ اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیمی شعبے میں اصلاحات اور کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کے لیے سرگرم رہتی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ تعیناتی کے ایک سال بعد سلیکشن کمیٹی ان کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لے گی، جس کے بعد انہیں اسی عہدے پر برقرار رکھنے یا تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
ماہرینِ تعلیم نے توقع ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر زرغونہ کنول کی تعیناتی سے ادارے کی تعلیمی سرگرمیوں میں بہتری، طلبہ کی رہنمائی کے نظام میں مضبوطی اور انتظامی معاملات میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔
اس اقدام سے نہ صرف کالج کی سطح پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ خواتین کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع پیدا کرنے کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔



















