Paid ad
Breaking NewsNationalتازہ ترین

میپکو نیٹ میٹرنگ میں بجلی خریدنے والی سب سے بڑی کمپنی بن گئی

پاکستان میں سولر نیٹ میٹرنگ تیزی سے بجلی کا سب سے سستا ذریعہ بنتی جا رہی ہے اور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی جانب سے نیٹ میٹرنگ صارفین سے خریدی جانے والی بجلی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق گزشتہ چار ماہ کے دوران ڈسکوز نے مجموعی طور پر 573 اعشاریہ 7 ملین یونٹ بجلی نیٹ میٹرنگ نظام کے تحت حاصل کی، جو ملک میں سولر انرجی اپنانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کا واضح ثبوت ہے۔

جولائی میں 115 اعشاریہ 095 ملین یونٹ، اگست میں 111 اعشاریہ 4 ملین یونٹ جبکہ ستمبر میں 142 اعشاریہ 6 ملین یونٹ خریدے گئے اور اکتوبر کے دوران سب سے زیادہ خریداری ریکارڈ ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ میٹرنگ سے پیدا ہونے والی بجلی کی فیول کاسٹ صفر ہوتی ہے، جسے نیپرا کی جانب سے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کے حساب کتاب میں شامل کیا جاتا ہے۔ یہ کم لاگت بجلی نظام میں شامل ہونے سے مجموعی فیول اخراجات میں کمی واقع ہوئی ہے جس کا براہِ راست فائدہ صارفین کو بلوں میں ریلیف کی صورت میں مل رہا ہے۔

نیٹ میٹرنگ بجلی کی بڑھتی ہوئی شمولیت نے ملک کی بجلی کی مجموعی قیمتوں کے دباؤ کو کچھ حد تک کم کیا ہے اور مہنگے تھرمل پلانٹس پر انحصار میں کمی واقع ہوئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق نیٹ میٹرنگ کے تحت سب سے زیادہ بجلی میپکو نے 157 اعشاریہ 764 ملین یونٹ خریدی جبکہ آئیسکو نے 139 اعشاریہ 7 ملین اور لیسکو نے 134 اعشاریہ 255 ملین یونٹ حاصل کیے۔

جیپکو 57 اعشاریہ 6 ملین اور فیسکو 46 اعشاریہ 5 ملین یونٹ کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہیں۔ پیسکو نے 26 ملین، ہیسکو نے مجموعی طور پر 76 ملین یونٹ جبکہ سیپکو نے 16 اعشاریہ 5 ملین یونٹ خریدے۔ کیسو کی خریداری 17 اعشاریہ 4 ملین یونٹ جبکہ ٹیسیو کی 0 اعشاریہ 590 ملین یونٹ ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے سولر نیٹ میٹرنگ کا حصہ بڑھ رہا ہے، ملک کا پاور سیکٹر فیول قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے زیادہ محفوظ ہو رہا ہے نیٹ میٹرنگ کا بڑھتا کردار بجلی کے شعبے میں استحکام لانے اور صارفین پر مالی بوجھ کم کرنے کا ذریعہ بن رہا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button