زکریا یونیورسٹی ملتان : اے ایس اے کے نئے عہدیداروں کی پہلی شکست

زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور اے ایس اے کے عہدیداروں کی پہلی ملاقات ہی ناکام، تلخی کے ماحول میں مطالبات مسترد کردئے گئے۔
نومنتخب اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی وائس چانسلر سے پہلی ملاقات خوشگوار نہ ہو سکی، حلف اٹھانے سے قبل ہونے والی ملاقات توقعات کے برعکس نتائج کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
ذرائع کے مطابق نو منتخب اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے عہدہ دار صدر بنیامین کی قیادت میں وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال غوری سے ملنے پہنچے تو انہیں وائس چانسلر کے سرد رویے کا سامنا تھا، وائس چانسلر نے اے ایس اے کے نوء منتخب عہدے داروں کی طرف سے پیش کیے گئے تمام مطالبات مسترد کر دیئے۔
وفد کا کہنا تھا کہ ایگری گیٹ بند ہونے سے طلباء اور اساتذہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، کالونیوں میں رہائشی دیگر افراد بھی اس وقت شدید کرب کا شکار ہیں انہیں شہر کی طرف جانے کے لیے طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے مگر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ یہ مطالبہ کسی طور بھی قبول نہیں کیا جا سکتا، حکومت پنجاب کی ہدایت پر یہ گیٹ بند کیے گئے ہیں، آر او ڈاکٹر مقرب اکبر آپ کے گروپ کا ہے اگر وہ خود اپنی ضمانت پر یہ گیٹ کھول سکتے ہیں تو کھلوا لیں، میری طرف سے اس گیٹ کو کھولنے کی کوئی اجازت نہیں ملے گی۔
اسی طرح وائس چانسلر نے وفد کی طرف سے اساتذہ کی ترقی کے مطالبے کو بھی مسترد کر دیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی طرح اس بات سے متفق نہیں ہیں کہ اگر اساتذہ کو ترقی دی جائے تو وہ دل جمعی کے ساتھ کلاسز پڑھائیں گے اور داخلوں میں اضافہ ہوگا، مشاہدے میں آیا ہے کہ جن افراد کو پہلے ترقی دی گئی کیا ان کے ڈیپارٹمنٹس میں داخلے بڑھے یا وہ بروقت کلاسز لینے آئے،انہوں نے نشاندہی کی کہ وہ جب بھی کلاسز میں گئے ہیں اساتذہ کو غیر حاضر پایا، جس پر ایک عہدے دار خاتون کا یہ کہنا تھا کہ جس ٹیچر کی کلاس 11 بجے ہے تو وہ صبح اٹھ بجے کیسے آ سکتا ہے، جس پر وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کا ٹائم صبح اٹھ بجے سے چار بجے تک ہے، اس دوران ٹیچرز کو اپنے ڈیپارٹمنٹ موجود ہونا لازم ہے کہ کسی طور پہ کسی ٹیچر کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ تاخیر سے یونیورسٹی آئے۔
وائس چانسلر نے وفد کو واضح طور پر یہ انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے حلف برداری کی تقریب میں نہیں آئیں گے، اس سے پہلے بھی انہوں نے کسی ٹیچر تنظیم کی کسی تقریب میں شرکت نہیں کی، اس لیے وہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے، جس کے بعد وفد واپس روانہ ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات کسی طور بھی مثبت نہیں رہی ایسے وقت میں جب اکیڈمی سٹاف ایسوسی ایشن کے الیکشن کو چند دن ہی گزرے تھے اور ٹیچرز کو جو توقعات ہیں ان کو ٹھیس پہنچے گی ۔



















