جامعہ زکریا : کالجز کو مڈ ٹرم و سیشنل ایوارڈ لسٹس فوری جمع کرانے کی ہدایت

زکریا یونیورسٹی کی جانب سے کالجز کو مڈٹرم و سیشنل ایوارڈ لسٹس فوری جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی۔
زکریا یونیورسٹی ملتان نے تمام الحاق شدہ کالجز کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اے ڈی اے اور اے ڈی ایس (سمسٹر سسٹم) دو سالہ پروگرام کے مختلف سمر سمسٹر سیشنز 2021–2023، 2022–2024 اور 2023–2025 کے امتحانات کے بعد طلبہ کی مڈٹرم اور سیشنل ایوارڈ لسٹس فوری طور پر جمع کروائیں۔
یونیورسٹی کے مطابق مذکورہ پروگراموں اور سیشنز کے امتحانات مکمل ہو چکے ہیں، اس لیے نتائج کو بروقت مشتہر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام کالجز 15 دسمبر 2025 تک اپنے ادارے کے تمام امیدواران کی ایوارڈ لسٹس یونیورسٹی کو فراہم کریں۔
ہدایت نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک ایوارڈ لسٹس فراہم نہ کرنے کی صورت میں ذمہ دار کالج کو یومیہ 500 روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جو یونیورسٹی ضابطے کے مطابق لاگو کیا جائے گا۔
یونیورسٹی حکام کا کہنا ہے کہ تمام کالجز کی بروقت معاونت سے نتائج کی تیاری اور اعلان کے عمل کو تیز اور شفاف بنایا جا سکے گا، جبکہ تاخیر کی صورت میں مجموعی امتحانی شیڈول بھی متاثر ہو سکتا ہے۔


















