محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کا چوتھا کانووکیشن آج ہوگا
محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر، ملتان کا چوتھا کانووکیشن آج 23 دسمبر کو منعقد ہوگا، جس کی صدارت رکن قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی کریں گے۔
ترجمان کے مطابق گورنر پنجاب و چانسلر محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے رکن سید علی قاسم گیلانی کو اپنی جانب سے یونیورسٹی کے چوتھے کانووکیشن کی صدارت کے لیے نامزد کر دیا تھا۔
کانووکیشن کی تقریب یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں منعقد کی جائے گی، جس میں مختلف تعلیمی پروگرامز مکمل کرنے والے طلباء و طالبات کو ڈگریاں عطا کی جائیں گی جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فارغ التحصیل طلبہ کو گولڈ میڈلز اور اعزازی اسناد سے نوازا جائے گا۔
تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر، سینئر فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران، معزز مہمانانِ خصوصی، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
کانووکیشن کے دوران تعلیمی و تحقیقی شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات بھی شریک ہوں گی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق کانووکیشن کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں
واضح رہے کہ محمد نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان زرعی تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس کے فارغ التحصیل طلبہ ملک بھر میں زرعی ترقی میں عملی خدمات انجام دے رہے ہیں۔




















