اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے کارکردگی الاؤنس دینے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے کارکردگی الاؤنس دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کم آمدن والے اساتذہ کو ان کی اچھی کارکردگی کے اعتراف میں ماہانہ بنیادوں پر ہزاروں روپے بطور الاؤنس فراہم کیے جائیں گے۔
فیصلے کے تحت سرکاری پرائمری، ایلیمنٹری، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں فرائض انجام دینے والے اساتذہ کو کارکردگی کی بنیاد پر الاؤنس دیا جائے گا۔
پرائمری اسکولوں کے اساتذہ کو اچھی کارکردگی پر 5 ہزار روپے، ایلیمنٹری اسکولوں کے اساتذہ کو 7 ہزار 500 روپے، ہائی اسکول اساتذہ کو 10 ہزار روپے جبکہ ہائر سیکنڈری اسکولوں کے اساتذہ کو 12 ہزار 500 روپے الاؤنس دیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اساتذہ کی مالی مشکلات میں کمی لانا اور تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے، تاکہ تعلیمی نتائج میں بہتری آئے اور اساتذہ اپنی ذمہ داریاں مزید جذبے اور محنت سے انجام دے سکیں۔
اس فیصلے پر جلد عملدرآمد متوقع ہے۔




















