قائداعظم انٹر ڈویژنل شطرنج چیمپئن شپ زوہیب گیلانی نے جیت لی

ساہیوال کے تاریخی ساہیوال کلب میں منعقدہ قائداعظم انٹر ڈویژنل شطرنج چیمپئن شپ 2025 شاندار اور پروقار اختتامی تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی، جس میں پنجاب بھر سے آئے ہوئے ذہین اور باصلاحیت کھلاڑیوں نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
یہ دو روزہ ٹورنامنٹ چیس ایسوسی ایشن آف پنجاب کے زیر اہتمام اور کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی سرپرستی میں منعقد کیا گیا، جس میں صوبے کے تمام ڈویژنز سے 172 مرد، خواتین اور جونیئر کھلاڑیوں نے شرکت کی اور سات راؤنڈز پر مشتمل مقابلوں میں اعلیٰ درجے کی حکمت عملی، صبر اور ذہنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل تھے، جنہوں نے ڈویژنل سپورٹس آفیسر ساہیوال نثارالحق اور چیس ایسوسی ایشن آف پنجاب کے سیکرٹری جنرل راجہ گوہر اقبال کے ہمراہ کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور مجموعی طور پر چار لاکھ روپے مالیت کے نقد انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر کھیلوں اور تعلیمی حلقوں کی اہم شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اوپن کیٹیگری میں لاہور کے ذوہیب گیلانی نے شاندار اور متوازن کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، سرگودھا کے سیف اللہ پہلے رنر اپ جبکہ لاہور کے زوریس شبخیز دوسرے رنر اپ رہے، جبکہ فیصل آباد کے نیشنل ماسٹر شہزاد چوہان اور ملتان کے سید زین ناصر نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی۔
خواتین کیٹیگری میں گوجرانوالہ کی حافظہ مشعل رشید نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے اپنی برتری ثابت کی، لاہور کی فریحہ صدیقی پہلی رنر اپ جبکہ ساہیوال کی رمیسہ بتول دوسری رنر اپ رہیں، جبکہ بہاولپور کی نور فاطمہ اور فیصل آباد کی میمونہ انعم بھی نمایاں کھلاڑیوں میں شامل رہیں۔
ساہیوال کی مشعال آصف کو بہترین کارکردگی پر ابھرتی ہوئی خاتون کھلاڑی کا اعزاز دیا گیاانڈر 16 کیٹیگری میں لاہور کے محمد ایان نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، عمر افتخار ہاشمی پہلے رنر اپ جبکہ محمد بن عمار دوسرے رنر اپ رہے، جبکہ راولپنڈی کے راجہ حاتم الرحمن اور ملتان کے محمد اشاج طارق نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت نے صوبے میں شطرنج کے روشن مستقبل کی امیدیں مزید مضبوط کر دیں۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ شطرنج جیسے ذہنی کھیل نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت اور دور اندیشی کو فروغ دیتے ہیں اور ایسے مقابلے پنجاب کے فکری اور تعلیمی مستقبل میں سرمایہ کاری ہیں۔
ڈویژنل سپورٹس آفیسر نثارالحق نے کہا کہ اس نوعیت کے ٹورنامنٹس نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ چیس ایسوسی ایشن آف پنجاب کے سیکرٹری جنرل راجہ گوہر اقبال نے ٹورنامنٹ کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور جونیئرز کی بھرپور شرکت پنجاب میں شطرنج کے فروغ کی واضح علامت ہے۔
ٹورنامنٹ سات راؤنڈز کے سوئس سسٹم فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا، جس میں ریپڈ شطرنج کے مقابلے 10 منٹ اور 5 سیکنڈ فی چال کے وقت کے ساتھ منعقد ہوئے، جبکہ تمام کھلاڑیوں کے لیے معیاری انتظامات، مفت کھانے اور بہترین کھیل کا ماحول فراہم کیا گیا۔
قائداعظم انٹر ڈویژنل شطرنج چیمپئن شپ 2025 نے یہ ثابت کر دیا کہ پنجاب میں شطرنج محض ایک کھیل نہیں بلکہ ذہنی تربیت اور قیادت سازی کا اہم ذریعہ بن چکا ہے۔



















