زکریا یونیورسٹی میں معاشی بحران بڑھ گیا؛ پیٹرول کی مد میں ادائیگی نہ ہوسکی، گاڑیوں کے لئے سپلائی بند

زکریا یونیورسٹی ملتان کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے، جس کے باعث انتظامی امور بری طرح متاثر ہونے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق یونیورسٹی پیٹرول کی مد میں واجب الادا رقوم جو 70لاکھ کی بروقت ادائیگی نہ کر سکی، جس کے نتیجے میں سرکاری گاڑیوں کے لیے پیٹرول کی سپلائی بند کر دی گئی ہے۔
اس صورتحال نے یونیورسٹی کے یومیہ انتظامی، تدریسی اور فیلڈ امور کو سنگین مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔
یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی وسائل کی قلت کے باعث طویل عرصے سے مختلف مدات میں ادائیگیاں التواء کا شکار ہیں، جن میں پیٹرول، مرمت، ٹرانسپورٹ اور دیگر ضروری اخراجات شامل ہیں۔
پیٹرول کی عدم دستیابی کے باعث وائس چانسلر سیکرٹریٹ، تدریسی شعبہ جات، امتحانی عملہ اور دیگر انتظامی یونٹس کی نقل و حرکت محدود ہو کر رہ گئی ہے، جس سے اہم اجلاسوں، انسپیکشنز اور روزمرہ امور کی انجام دہی متاثر ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ پیٹرول ٹھیکیدار نے بقایاجات کی عدم ادائیگی کے باعث سپلائی روک دی، جس پر یونیورسٹی انتظامیہ نے متبادل انتظامات پر غور شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں نئے ٹھیکیدار تلاش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کسی حد تک ٹرانسپورٹ کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک مالی مسائل کا مستقل حل نہیں نکالا جاتا، نئے ٹھیکیدار کا بندوبست بھی عارضی ثابت ہو سکتا ہے یونیورسٹی کے اندرونی حلقوں کے مطابق مالی بحران صرف پیٹرول تک محدود نہیں بلکہ مختلف شعبہ جات میں ترقیاتی کام بھی سست روی کا شکار ہو چکے ہیں، جبکہ ملازمین اور اساتذہ میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر حالات یہی رہے تو تعلیمی سرگرمیاں مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے، دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ حکومت اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مالی وسائل کی فراہمی کے لیے رابطے جاری ہیں اور امید ہے کہ جلد فنڈز کی فراہمی سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔




















