پیف سکولوں میں ڈیجیٹل ویری فیکیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

پیف (پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن) سے منسلک سکولوں میں تعلیمی نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل ویری فیکیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اس نئے نظام کے تحت صوبہ بھر کے تمام پیف پارٹنر سکولوں میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ طلبہ و اساتذہ کی روزانہ بنیادوں پر ڈیجیٹل حاضری ریکارڈ کی جائے گی حکام کے مطابق حاضری کا جائزہ کسی ایک دن کے بجائے پورے ماہ کی اوسط حاضری کی بنیاد پر لیا جائے گا، تاکہ حاضری کے درست اور حقیقی اعداد و شمار حاصل کیے جا سکیں۔پیف حکام نے واضح کیا ہے کہ فیک یا جعلی حاضری کے خلاف زیرو ٹالیرینس پالیسی نافذ ہو گی، اور کسی بھی قسم کی دو نمبری یا جعل سازی سامنے آنے کی صورت میں متعلقہ سکول کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں پیمنٹس کی معطلی یا معاہدے کے خاتمے جیسے اقدامات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ مزید بتایا گیا ہے کہ چونکہ پیف کی جانب سے سکولوں کی پیمنٹس میں اضافہ کیا جا رہا ہے، اس لیے پارٹنر سکولز پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہو گی کہ وہ اساتذہ کی تنخواہوں میں معقول اور مناسب اضافہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے بلکہ اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور سکولوں میں سہولیات و نظم و ضبط کو جدید خطوط پر استوار کرنا بھی ہے۔


















