زکریا یونیورسٹی ملتان : لیکچرار اوران کی اہلیہ کے خلاف غیرمعیاری اور جعلی ادویہ کی تیاری و فروخت کا مقدمہ

زکریا یونیورسٹی انتظامیہ میں موجود افسروں کی ملی بھگت سے مختلف جرائم میں ملوث اساتذہ اور طلباء کی پولیس ویری فیکیشن روک جانے کا انکشاف ہوا ہے ،اس وقت زکریایونیورسٹی میں پنجاب حکومت کی ہدایت پر تمام طلبا وطالبات کی پولیس تصدیق کا عمل جاری ہے، جو ہر چھ ماہ بعد دوبارہ کیا جائے گا مگر یونیورسٹی حکام نے اپنے فیکلٹی ممبران کو بچانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ زکریا یونیورسٹی کے ٹیلی کام کے لیکچرر وقاص ہاشمی اور ان کی اہلیہ نبیلہ ارشد کے خلاف غیر معیاری اور جعلی ادویات کی تیاری و فروخت کے الزام میں تھانہ سٹی علی پور ضلع مظفرگڑھ میں مقدمہ درج ہے اوراس کاکیس چل رہا ہے مگر اس کیس کے تناظر میں یونیورسٹی سطح پر پولیس ویری فیکیشن مکمل نہ ہو سکنے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔
یہ مقدمہ ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر تحصیل علی پور زبیر شیخ کی تحریری درخواست پر درج کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ ڈرگ کنٹرول ٹیم نے ڈرگ انسپکٹر تحصیل جتوئی کے ہمراہ علی پور میں حمزہ پلازہ پر کارروائی کرتے ہوئے محمد لقمان ولد بشیر احمد کو گرفتار کیا ملزم کے قبضے سے مختلف ادویات، بروشرز اور انوائس وارنٹی برآمد ہوئیں جو بغیر ڈرگ سیل لائسنس، بغیر فارم 6 اور 7 اور بغیر قانونی اجازت کے فروخت کی جا رہی تھیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق برآمد شدہ ادویات کے نمونے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری ملتان بھجوائے گئے، جہاں ایک دوا کو لیبل کے مطابق معیار پر پورا نہ اترنے کی بنیاد پر ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت جعلی قرار دیا گیا۔
دورانِ تفتیش یہ انکشاف ہوا کہ برآمد شدہ بروشرز اور انوائس وارنٹی پر درج فون نمبرز وقاص ہاشمی اور ان کی اہلیہ نبیلہ ارشد سے منسلک ہیں، جس سے یہ واضح ہوا کہ یہ نیٹ ورک منظم انداز میں غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور فروخت میں ملوث ہے۔
حکام کے مطابق متعلقہ افراد کو متعدد بار خطوط ارسال کیے گئے تاکہ ادویات کی خرید و فروخت، فارم 6 و 7 اور دیگر قانونی دستاویزات فراہم کی جائیں، تاہم کسی قسم کا جواب موصول نہ ہوا، بعد ازاں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر علی پور نے تمام شواہد اور صورتحال سے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ مظفرگڑھ کو آگاہ کیا، جس ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی منظوری دی۔
ذرائع کے مطابق اس وقت جرائم پیشہ افراد کی نشاندہی کےلئے یونیورسٹی میں تصدیق کا عمل جاری ہے مگر وقاص ہاشمی کے زکریا یونیورسٹی سے وابستہ ہونے کے باوجود اس کیس میں پولیس ویری فیکیشن کے مراحل مکمل نہ ہو سکے، ان اہلیہ آئی ایم ایس میں پی ایچ ڈی کی سکالر ہیں جن کی نگران ڈاکٹر عروج پاشا ہیں مگر ان کی بھی پولیس تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
جس پر طلباء و طالبات کا کہنا ہے کہ سب کے ساتھ برابر کا سلوک کیا جانا چاہیے یونیورسٹی اپنے جرائم پیشہ افراد کو بچانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ پولیس کوئی کارروائی نہ کرسکے۔


















