نئے سرکاری ملازمین کے لیے ڈیفائنڈ کنٹریبیوٹری پنشن سکیم نافذ کردی گئی

حکومتِ پنجاب نے 7 جنوری 2024 کے بعد بھرتی ہونے والے تمام سرکاری ملازمین کے لیے ڈیفائنڈ کنٹریبیوٹری پنشن اسکیم نافذ کرنے کا فیصلہ کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت نئے ملازمین کی بنیادی تنخواہ سے 10 فیصد ماہانہ کٹوتی کی جائے گی، جبکہ حکومت پنجاب کی جانب سے 12 فیصد حصہ پنشن فنڈ میں جمع کروایا جائے گا۔
حکام کے مطابق نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو سیپ سسٹم میں شامل کرنے کے لیے پنشن فنڈ سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنا لازم ہوگا، جن میں اکاؤنٹ ٹائٹل، فنڈ منیجر کا نام، انویسٹر اکاؤنٹ نمبر، بینک کا نام اور آئی بی این نمبرشامل ہیں۔
محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ سرکاری دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کردہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں، تاکہ پنشن سے متعلق نئے نظام کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے، کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کی صورت میں متعلقہ افسران ذمہ دار ہوں گے۔




















